نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کردیا،تعمیر پر تقریباً ایک ارب لاگت

وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایسی سہولت قائم ہوئی ہے جو وقت کیساتھ آگے بڑھے گی‘ڈاکٹر حسن عسکری پوری کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا،وزیرآباد کیساتھ گوجرانوالہ ڈویژن اوراردگرد کے علاقوں کے لوگ بھی اس ہسپتال سے مستفید ہونگے ہسپتال کو مکمل فعال کرنے میں 12سال لگے ، امید ہے کہ آئندہ ادارے میں مزید طبی سہولتیں مہیا کرنے میں اتنا وقت نہیں لگے گا کسی جماعت یا امیدوار کو کوئی شکایت پنجاب حکومت سے ہے تواس کا ازالہ کریںگے اوراس ضمن میں ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے،بلوچستان اورخیبر پختونخواہ میں واقعات ہوچکے ہیں،جلسوں،جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کررہے ہیں شہبازشریف ایک قومی لیڈر ہیں،انہیں اورہر شخص کواپنی رائے میں آزادی ہے ، جیلوں میں قیدیوں کو انکی کیٹگری کے مطابق سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے تو بہترین اورآزادانہ انتخابات ہوںگے،جس پر سب کو اعتماد ہوگا‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 22 جولائی 2018 17:50

�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے وزیرآباد میںتقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جانے والے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔

نگران وزیراعلی نے مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی -نگران وزیراعلی نے مریضوںاور ان کے تیمار داروں سے ادارے میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بھی دریافت کیا۔انسٹی ٹیوٹ سے ڈویژن کے 6اضلاع کے مریض جدید علاج سے مستفید ہوںگے۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے آپریشن، سی سی یو،کارڈیک ایمرجنسی ،انجیوگرافی ،انجیو پلاسٹی ،ایکو کارڈیوگرافی، ریڈیالوجی اورکلینکل لیبارٹری کی سہولتیں میسر ہیں۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد 2006ء میں رکھا گیا اوراس کی تعمیر2007ء میں شروع ہوئی تھی اوراسے نگران حکومت کے دور میں 12سال بعد مکمل طورپر فعال کیاگیاہے۔انسٹی ٹیوٹ میں 200 بستروں کی گنجائش ہے جبکہ ابتدائی طورپر 100بیڈ کا انتظام ہے ۔انسٹی ٹیوٹ سے ڈویژن کے 50لاکھ افرادعلاج معالجے کی جدید سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے مریضوں کو لاہور اوردیگر بڑے شہروں میں لیجانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس ادارے میں 2014ء میں او پی ڈی قائم کیاگیا،2016میں کارونیری انجیوگرافی کی سہولتیں دستیاب تھیں، 2018میں24گھنٹے ایمرجنسی سی سی یو اورکارڈیک سرجری کی جدید سہولتیں پوری طرح دستیا ب ہیں۔انسٹی ٹیوٹ میں 7سینئررجسٹرارکارڈیالوجی ،3سینئررجسٹرارکارڈیک سرجری،33میڈیکل آفیسرز اور 58نرسیں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کے اس اہم منصوبے سے علاقے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوگی اورایسے منصوبے بروقت مکمل کرنا ضروری ہیں کیونکہ اس منصوبے سے علاقے کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی مسیحائی حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔اس کارخیر میں ڈاکٹروںاور نرسوںکا کردار کلیدی ہے۔ مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے سے مریضوں کی آدھی بیماری دور ہوجاتی ہے۔نگران وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایسی سہولت قائم ہوئی ہے جو وقت کے ساتھ آگے بڑھے گی اوراس سے پوری کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیرآباد کیساتھ گوجرانوالہ ڈویژن اوراردگرد کے علاقوں کے لوگ بھی اس ہسپتال سے مستفید ہوں گے جوکہ ایک اچھاعمل ہے اوریہ مشترکہ کاوش ہے جس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔اگرچہ اس ہسپتال کو مکمل فعال کرنے میں 12سال لگے جو کہ بہت طویل عرصہ ہے لیکن مجھے امید ہے کہ آئندہ اس ادارے میں مزید طبی سہولتیں مہیا کرنے میں اتنا وقت نہیں لگے گاکیونکہ پرعزم اورمحنتی لوگ یہ ادارہ چلا رہے ہیں اوروہ یقینا اس ادارے میں سہولتوں کو بڑھائیںگے جس سے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا ۔

انہوںنے کہ جس منصوبے کومعاشرے اورلوگوں کی حمایت حاصل ہو وہ ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں اورمجھے خوشی ہے کہ اس انسٹی ٹیوٹ میںروزانہ 1500تک مریضوں کو اوپی ڈی میں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نگران حکومت نے اس ادارے کو مکمل فعال کرنے کیلئے دن رات کام کیا ہے جس کے لئے میں نگران صوبائی وزیر صحت جواد ساجدخان اوردیگر ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

ہماری کوششوں سے یہ ادارہ اب مکمل طورپر فعال ہے اورانتخابات کے بعد جو حکومت آئے گی ہم انہیں بھی کہیں گے کہ وہ بھی اس صحت عامہ کے اہم ادارے پر اسی طرح توجہ دیں جس طرح ہم نے دی ہے ۔انہوںنے کہاکہ کسی بھی ہسپتال کو چلانے کیلئے ڈاکٹرز ،نرسز اورپیرا میڈیکل سٹاف کا کلید ی کردار ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فرینڈز آف وزیرآبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاآئیڈیا بہت اچھا ہے اورمیں سمجھتا ہوں کہ معاشرے کو بھی اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

کمیونٹی کی سپورٹ پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے بہت ضروری ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت فرض نہیں بلکہ یہ انسانوں کی بہت بڑی خدمت ہے اورقومی تعمیر و ترقی کے عمل کا حصہ ہے۔جن قوموں نے صحت اورتعلیم کے لئے وسائل فراہم کیے ہیں وہ آگے بڑھی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میری خواہش ہے کہ ہر ضلع میں صحت عامہ کی بنیادی اورجدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے بہترین ادارے قائم ہوںجہاں لوگوں کو ان کی دہلیز پر معیاری ہیلتھ کیئر میسر ہوں۔

لوگوں بڑے شہروں کی طرف نہ جانا پڑے اوروزیرآبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا منصوبہ اسی جانب اہم اقدام ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس منصوبے میں غیر ضروری تاخیر ہوئی ہے ،تاہم اب اسے مکمل آپریشنل کردیاگیا ہے، جس سے علاقے کے لوگوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتیں حالات کے مطابق اپنا بیانیہ ترتیب دیتی ہے اورپھر اسے آگے لے کر چلتی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ نگران حکومت غیر جانبدارانہ طریقے سے فرائض سرانجام دے رہی ہے اورتمام جماعتوں اورامیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بعض شکایات کا تعلق پنجاب حکومت سے نہیں بلکہ وفاق اوردیگر اداروں سے ہے اورایسی شکایات کا ازالہ ہمارا دائرہ کار نہیں تاہم ہم اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے شکایات کو نمٹا رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اگر کسی جماعت یا امیدوار کو کوئی شکایت پنجاب حکومت سے ہے تواس کا ازالہ کریںگے اوراس ضمن میں ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے،اسی طرح نگران وزیرداخلہ شوکت جاویدشکایت پر فوری ایکشن لیتے ہیں جبکہ ضابطہ اخلاق پر پابندی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے اوراس ضمن میں نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے فریم ورک کے تحت انتخابی عمل میں معاونت کررہی ہے ۔

سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے امورپر گفت و شنید بھی چل رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جلسوں اورجلوسوں کو سکیورٹی فراہم کررہے ہیں ۔ دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے اوربلوچستان اورخیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کے واقعات ہوچکے ہیں ۔ہماری حکومت اخلاص کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہے کہ ہر سطح پر ایک دوسرے کا تعاون کیا جائے اورہماری پوری کوشش ہے کہ آزادانہ ماحول میں غیر جانبداران الیکشن منعقد ہوںاورسب کی تسلی ہو۔

انہوںنے کہاکہ میڈیا رپورٹس کا بھی فوری نوٹس لیاجاتاہے اوراس پر کارروائی ہوتی ہے ۔ہم ایک دوسرے سے تعاون کریں گے تو بہترین اورآزادانہ انتخابات ہوںگے،جس پر سب کو اعتماد ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ شہبازشریف ایک قومی لیڈر ہیں،انہیں اورہر شخص کواپنی رائے کا اظہار کرنے میں آزادی ہے ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو ان کے سٹیٹس اورکیٹگری کے مطابق سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ الیکشن میں 2،3دن باقی رہ گئے ہیں لہذا ہماری پوری توجہ شفاف،غیر جانبدار اورمنصفانہ انتخابات پر ہے ۔بعدازاںڈاکٹر حسن عسکری نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے پودے کو پانی دیا اور دعا خیر کی۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے صوبہ بھر میں شجر کاری مہم شروع کر رکھی ہے۔

پودے لگاکر ہم ماحولیاتی آلودگی او رسموگ کو کم کرسکتے ہیں ۔ایسے پودے لگانے چاہئیں جو پروان چڑھیں تو سایہ بھی دیں اور پھل بھی۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت بھی بہت ضروری ہے ۔صوبائی نگران وزراء ضیاء حیدر رضوی، ڈاکٹر جواد ساجد خان،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔