معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر محمد طیب امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی) کے پرنسپل مقرر

پروفیسر طیب کا جنرل ہسپتال ، نرسنگ کالج ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول اور نیورو انسٹیٹیوٹ کی بہتری کا عزم

اتوار 22 جولائی 2018 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پنجاب حکومت نے معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر محمد طیب کو امیرالدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی )کا پرنسپل مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے وہ لاہور جنرل ہسپتال ، نرسنگ کالج ،الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز ایل جی ایچ کے بھی سربراہ ہوں گے۔پروفیسر محمد طیب نشتر میڈیکل کالج ملتان کے بیسٹ گریجویٹ رہے ہیں وہ ایف سی پی ایس،ایف آر سی او جی ،ایف آر سی ایس ،ایم آر سی پی اور ایم سی پی ایس سمیت فارن کو الیفائد ہیں ،انہیں2005میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے یونیورسٹی کے بہترین استاد کا ایوارڈ بھی ملا ہے۔

انہوں نے 2008-9میں جنرل ہسپتال میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر محمد طیب سی پی ایس پی کے کرنٹ کونسلر اور ایس او جی پی کے نائب صدر بھی رہے ہیں۔اپنی گفتگو میں پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ وہ ان تمام اداروں کو عالمی معیار کے برابر لانے کے لئے تمام توانائیاں صرف کریں گے کیونکہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں لہذا سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سٹاف کو محنت اور لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دینا چاہیے اور اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ملک بھر سے علاج معالجے کے لیے لاہور جنرل ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی ۔پرنسپل نے کہا کہ عوام کو معیاری ڈاکٹروں و پیرا میڈیکس کی اشد ضرورت ہے اس سلسلے میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ، امیرالدین میڈیکل کالج ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء اورنرسنگ کالج کی سٹوڈنٹس کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے حتی المقدور کوشش کی جائے گی پروفیسر محمد طیب نے پروفیسرز اور ڈاکٹرز سے خصوصی تعاون کی اپیل کی تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے پنجاب حکومت کے اعتماد پر بھی شکریہ ادا کیا اور اس پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ ادارے کے سینئر ڈاکٹرز اور پروفیسرز نے پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب کی بطور پرنسپل تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے اور ان کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔