حج رضائے الہٰی کے حصو ل کااہم ذریعہ ہے‘ڈاکٹرراغب نعیمی

حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں ان کی دعائیں قبول کی جاتی ہیں‘ناظم ا علیٰ جامعہ نعیمیہ

اتوار 22 جولائی 2018 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حج رضائے الہٰی کے حصو ل کااہم ذریعہ ہے۔حجاج کرام اللہ تعالی کے مہمان ہوتے ہیں ان کی دعائیں قبول کی جاتی ہیں۔واپسی کے بعد حاجی کے گھر میں داخل ہونے سے پہلے دعامغفرت کروانا چاہیے۔حج اس لحاظ سے بڑی نمایاں عبادت ہے کہ یہ بیک وقت روحانی، مالی اور بدنی تینوں پہلوؤں پر مشتمل ہے۔

حج اسلام کا ایک عظیم رکن ہی حج ہرصاحب استطاعت پرزندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔حج اورعمرہ کا ایک اور مقصد امتِ مسلمہ کو اس کے مرکز ، تاریخ اور شعائر سے آگاہ کرنا ہے۔ حج کا ایک اور مقصد تقوٰی کا حصول ، دنیا سے دوری اور روحانیت کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

بندہ اپنے رب کی رضا کے لئے دنیا کی زینت کو خود پر حرام کرلیتا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں تربیتی حج پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے عمرہ شریف ادا کرنے کاطریقہ بتاتے ہوئے کہاکہ عمرے کی نیت سے میقات سے باہر احرام باندھ کر تلبیہ کہتے ہوئے مکے کی طرف کوچ کیا جائے۔ بیت اللہ کے 7 چکر لگا کر صفا و مروہ کی سعی کی جائے پھر بال کٹواکر احرام اتار دیا جائے۔اسی طرح ارکان حج کی ادائیگی پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حج ذوالحج کے مہینے کی 8 تاریخ سے شروع ہوتا اور 12 تاریخ تک جاری رہتا ہے۔ احرام باندھنے، منیٰ میں قیام، عرفات کا وقوف، مزدلفہ روانگی اور وہاں رات کا قیام، رمی جمرات کی سنگساری ، قربانی،، حلق ،حجر اسود، مقام ابراہیم اور رکن یمانی دیگر مقام پرحاضری کے آداب اورشرعی طریقے سے ادائیگی بارے تفصیلی گفتگو کی۔

متعلقہ عنوان :