شہبازشریف سے مختلف طبقہ فکر کے علماء کرام کی ملاقات

ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال ہم انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں، پورے جذبے اور لگن سے عوام کی خدمت کی ہے، 25 جولائی کو عوام شیر کے نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے،صدر مسلم لیگ ن

اتوار 22 جولائی 2018 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے گزشتہ روز مختلف طبقہ فکر کے علماء کرام نے ملاقات کی ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیاگیا اس موقع پر علماء کرام نے شہباز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 25 جولائی کے الیکشن میں ن لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دینگے شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کو ملک کو ترقی کی راہوںپر گامزن کرنے اور ایٹمی دھماکے کرنے کی پاداش میں سزا سنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں دو قسم کے قانون چل رہے ہیں عدالتوں کی جانب سے لاڈلے کیلئے الگ قانون ہے اور اسے مکمل چھٹی دی گئی ہے جبکہ ن لیگ کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہمارے امیدواروں کو باری باری مختلف ناجائز مقدمات میں ملوث کر کے سزائیں دی جارہی ہیں نواز شریف سے ایٹمی دھماکوں،لوڈشیڈنگ ختم کرنے،سی پیک اور موڑر ویز بنانے کا کریڈٹ کوئی نہیں چھین سکتا،ہمیں بطور قوم سوچنا چاہیے ہے کہ کیا وجہ ہے کہ ہمارا ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے رہ گیاشہباز شریف نے کہا کہ میں اپنے والد میاں شریف مرحوم کے ساتھ علما ء کی محفلوں میں بیٹھتا اور سیکھتا رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا وجہ ہے کہ ہمارا ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے رہ گیا۔بنگلہ دیش جو مشرقی پاکستان اور ہمارے دل کا ٹکڑا تھامعاشی طور پر پاکستان سے زیادہ مضبوط ہو گیا ہے۔ترکی کی مثال ہمارے سامنے ہے ،ترکی نے اسرائیل کا ناطقہ بند کر دیا ہے ۔پاکستان کے قیام کا مقصد سامراج اور ہندو کی غلامی سے نجات حاصل کر کے عدل کا نظام قائم کرنا تھا۔

پاکستان کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام تھا۔خدائے بزرگ و برتر کی قسم حکومت میرا مطمع نظر نہیں،میری ایک ہی خواہش اور جستجو ہے کہ وطن پاک کے لئے جو کر سکوں کر جائوں۔ میں نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے،آج ہم صحیح راہ نہ متعین کر سکے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم معاشی طور پر آزاد نہیں،معاشی آزادی کے حصول تک دنیا ہمیں عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھے گی۔

اس ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے لوٹ کھسوٹ کا خاتمہ ضروری ہے۔عوام کو وسائل مہیا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا خاتمہ ہو۔ختم نبوت پر جس کا ایمان نہیں وہ مسلمان نہیں ۔ متنازعہ قانون کے مسودے میں کردار ادا کرنے والے دیگر جماعتوں کے ارکان کو انتخابی ٹکٹ دئیے گئے ہمیں کسی کے حوالے سے کسی بھی امیدوارپر کوئی بھی شائبہ ہوا تو اسے ٹکٹ نہیں دیاگیاانہوں نے کہا کہ ہم ایسے انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں ہم نے پورے جذبے اور لگن سے عوام کی خدمت کی ہے اور انشاء اللہ 25 جولائی کو عوام شیر کے نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے شہباز شریف نے اپنے خطاب میں تمام علماء کرام کی جانب سے ن لیگ کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیابعدازاں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کی جلد صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا مانگی گئی۔