چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق اورقائد حزب اختلاف سینیٹرشیری رحمان کی اکرام اللہ خان گنڈہ پورپر حملے کی شدید مذمت

اتوار 22 جولائی 2018 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کلاچی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد وں کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دہشت گرد ملک کی ترقی ، خوشحالی اور جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں لیکن تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کی بقاء اور ملک کی ترقی کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا تاکہ ان عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے جو ملک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم عزائم کا حصول ممکن بنانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کلاچی دھماکے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈہ پور سمیت دیگر شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق اورقائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹرشیری رحمان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔