عام انتخابات کے شفاف اور پر امن انعقاد کے لیے راولپنڈی ڈویژن میں تمام انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی

انتخابی مواد کی ترسیل اور عملے کو پولنگ اسٹیشنز تک بروقت پہنچانے کے لیے 1000سے زائد بسوں اور ویگنوں کا انتظام

اتوار 22 جولائی 2018 18:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) راولپنڈی ڈویژن میں قومی و صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے شفاف اور پر امن انعقاد کے لیے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ انتخابی مہم پیر اور منگل کی درمیانی شب اختتام پذیر ہوجائے گی جبکہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی ڈویژن میں بھی عام انتخابات بدھ 25جولائی کو منعقد ہوں گے جن کے لیے بجلی ،پینے کے پانی ، ووٹرزاور انتخابی عملے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر بیت الخلاء کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں ۔

ریجنل الیکشن کمیشن راولپنڈی نے قومی اسمبلی کے 7اور صوبائی اسمبلی کے 15حلقوں کی پولنگ اسکیم کو حتمی شکل دے دی ہے تاھم مسلم لیگی امیدوار حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیمیکل کوٹہ کیس میں سزاء کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 60میں عام ا نتخابات ملتوی کر دیئے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ضلع راولپنڈی کی حتمی پولنگ اسکیم کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6200پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3200پولنگ بوتھ مرد حضرات کے لیے جبکہ 3000 پولنگ بوتھ خواتین کے ہوں گے ۔

ضلعی الیکشن کمشنر دفتر راولپنڈی سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 2576پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جہاں پر ضلع راولپنڈی کے 16,47,507 مرد رجسٹرڈ ووٹرز اور 14,78,162 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز سمیت 31,25,669 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ضلعی الیکشن کمیشن سے قومی خبر ایجنسی کو موصولہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 75اور صوبائی اسمبلی کے 166امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو گا ۔

قومی وصوبائی اسمبلی سے انتخابی میدان میں اترنے والے بڑے ناموں میں سابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی ،آزاد امیدوار چوھدری نثار علی خان ،راجہ پرویز اشرف ، مسلم لیگ ن کے راجہ قمر اسلام ، پی ٹی آئی کے غلام سرور خان ،عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار شیخ رشید احمد شامل ہیں ۔الیکشن کمیشن سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے 143امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ صوبائی اسمبلی کے 402امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔

قومی اسمبلی کے 123امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ صوبائی اسمبلی کے 351امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے 15امیدواروں کے کاغذات مسترد جبکہ صوبائی ا سمبلی کے 51امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ۔بعدازاں قومی اسمبلی کے 54امیدواروں نے جبکہ صوبائی اسمبلی کے 185امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے جبکہ ایفی ڈرین کیمیکل کوٹہ کیس میں سزاء پانے کے بعد حلقہ این اے 60کے امیدوار حنیف عباسی بھی انتخابی امیدوار سے باہر ہوگئے یوں ضلع راولپنڈی میں قومی ا سمبلی کے سات حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 74امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلی کے 15حلقوں کے لیے 166امیدوار میدان میں رہ گئے۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ اس مرتبہ انتخابی نتائج کے درست اور تیز تر ترسیل کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا )نے ریٹرننگ آفیسرز کو آر ٹی ایس رزلٹ ٹرانسمیشن سروس فراہم کی ہے جس کے ذریعے وہ الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں گے ۔ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ نادار ٹیموں نے سمارٹ فونز کے ذریعے ریٹرننگ افسران کو فراہم کی گئی آر ٹی ایس ایپ کی کارکردگی کو جانچنے کی یقین دھانی بھی کر لی ہے ۔

اسی طرح بیلٹ پیپرز کی طباعت کے ساتھ ساتھ تمام انتخابی مواد کی ریٹرننگ افسران کو ترسیل بھی کر دی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے تمام انتظامات کے جائزے کے بعد تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو ریٹرننگ افسران اور دیگر پولنگ عملے کی سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں ۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر راولپنڈی محمد خالد نواز کو بیلٹ باکسز ،بیلٹ پیپرز ،سیاہی سمیت دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیاہے جو کہ دہری مقفل ہونے کے بعد انتہائی سخت سیکورٹی میں رکھا گیاہے ۔

اسی طرح پولنگ عملے کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے جبکہ ووٹرز کو سہولیات کی فراہمی و پریذائیڈنگ آفیسرز کی نشستوں کی تکمیل بھی کر دی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن نے ضلع راولپنڈی کے ہر حلقے میں ایک کنٹرول روم قائم کیاہے جہاں پر ایک ریٹرننگ افسر کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی جائے گی جو کہ انتخابات کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لے گا ۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی مواد کی ترسیل اور عملے کو پولنگ اسٹیشنز تک بروقت پہنچانے کے لیے 1000سے زائد بسوں اور ویگنوں کا انتظام کیا جائے ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر انتخابی مواد کی ترسیل اور عملے کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے لیے مطلوبہ بسوں اور ویگنوں کے انتظامات (آج) پیر کی شام تکمکمل کر لیے جائیں گے ۔

ضلع راولپنڈی میں 104 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 91 حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔کمشنر دفتر کے مطابق راولپنڈی میں 6132،اٹک میں 2754،جہلم1841اورچکوال میں 2141پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیںگے جبکہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔

پولنگ سٹیشنر کی6کلو میٹر کی حدود میں ایک ایمبولینس تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ الیکشن کیلئے آنے والے غیر ملکی مبصرین ،صحافیوں اورمیڈیا پرسنز کی سکیورٹی کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں خصوصاً سرکردہ سیاستدانوںکی فول پروف سکیورٹی کے پلان کوبھی حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔دریں اثناء راولپنڈی پولیس نے بھی انتخابات کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن کے مطابق ضلعی پولیس 25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔سی پی او نے مزید بتایاکہ انتخابات کے موقع پر ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی کے قانون پر مکمل عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ 25جولائی کو انتخابات کے موقع پر جامع سیکورٹی پلان کے لیے ضلع کو سیکٹر اور سب سیکٹر میں تقسیم کر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو اے ،بی اور سی کیٹیگری دی گئی ہے اور اسی حساب سے ان پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔عباس احسن نے مزید بتایاکہ سیکورٹی انتظامات کے لیے مقامی پولیس کی معاونت کے لیے 1200 پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں 606پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 1036 حساس قرار دے دیئے گئے ، پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے لیے انہیں تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا،حساس اور انتہائی پولنگ اسٹیشنز میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع اٹک ،راولپنڈی ، چکوال ،جہلم اور اسلام آباد شامل ہیں ۔اس حوالے سے انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 5ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 12841پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔