پریزائیڈنگ آفیسرز مقامی وڈیروں کے ہاتھوں بک چکے ہیں، مولانا صالح الحداد

اتوار 22 جولائی 2018 18:40

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع سجاول میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231کے امیدوار مولانا صالح الحداد، پی ایس 75 کے امیدوار مولوی محمد اسماعیل قاسمی اور جے یو آئی سجاول کے رہنماں حافظ سعداللہ میمن،مولوی غلام حسین میمن،مولوی اشرف میمن و دیگر نے پریس کلب سجاول میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں ذرائع سے معلومات ملی ہے کہ حکومت کی جانب سے 2018 کی الیکشن کیلئے مقرر کئے گئے پریزائیڈنگ آفیسر مقامی وڈیروں اور الیکشن کے خود کو چمپئن ظاہر کرنے والوں کے پاس بھاری رقم پر بک چکے ہیں۔

ہمیں خدشہ ہے کہ ماضی کی طرح اس الیکشن میں بھی مقامی وڈیروں اور مذہبی جماعتوں کے مخالف ملکر پریزائیڈنگ آفیسر اور عملے کو خرید کر ہمارے ووٹ کو بلاجواز خارج کرکے کم دکھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان رہنمائوں نے کہا کہ ہم مقامی وڈیروں کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ نے ماضی میں ہمیشہ لوگوں کو خرید کے ووٹروں کو خوفزدہ کرکے الیکشن عملہ کو ڈرایا اور دھمکاکر الیکشن بکسے بھرے ہیں۔ مگر اب اگر ایسا عمل کیا گیا تو اس کا رد عمل خطرناک ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم انصاف کیلئے عدالتوں سے رجوع کریں گے اور ایسے نتائج کو ہرگز قبول نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے گذارش کی کہ مذکورہ خدشات کا نوٹس لیکر آزادانہ،منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے۔