متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حلقہ پی بی 29پر آزاد امیدوار میر لیاقت لہڑی کی حمایت میں اپنا امیدوار دستبردار کردیا

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حلقہ پی بی 29پر آزاد امیدوار میر لیاقت لہڑی کی حمایت میں اپنا امیدوار دستبردار کردیا ،یہ بات انہوں نے اتوار کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ایم کیو ایم بلوچستان کے ترجمان ملک عمران کاکڑ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں جاگیردارانہ نظام فرسودہ سوچ کے خاتمے اور ملک وقوم دوست شخصیات اور متوسط طبقے کی خدمات کا حقیقی سوچ رکھنے والی جماعتوں اور امیدواروں کو ملک کے ایوانوں تک پہنچانے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اسی جذبے کے تحت ایم کیو ایم پاکستان نے پی بی 29سے اپنے امیدوار سلیم سرپر ہ کو لیاقت لہڑی کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ میرلیاقت لہڑی نے انتخابات سے ہٹ کر بھی شہر میں آباد لوگوں کی خدمت کی ہے ،ایم کیو ایم پی بی 29کوئٹہ 5کے پارٹی کارکنوںاور ہمدردوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ 25جولائی کو پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار لیاقت لہڑی کوووٹ دے کر کامیابی سے ہمکنا ر کرائیں ،ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ 25جولائی کو ہونیوالے انتخابات ملک میں جمہوریت کو فتح سے ہمکنار کرائیں گے ،اس موقع پر حلقہ پی بی 29سے آزاد امیدوار میر لیاقت لہڑی نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے حمایت پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم سمیت جن سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین نے انتخابات میں حمایت کیا ہے ان کے کارکنوں اور لوگوں کو مایوس نہیں کرونگا کوئٹہ شہر میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہوگی ،ان کا کہناتھا کہ سابقہ عوامی نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث کوئٹہ شہر کے مسائل بحرانوں کی صورت اختیار کرچکی ہے جن کی حل کیلئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی ۔