ْانتخابات میں نگران صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ جانبداری کامظاہرہ کررہی ہیں،رشید ناصر

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء اور حلقہ پی بی 25سے نامزد امیدواررشید ناصر نے کہاہے کہ انتخابات میں نگران صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ جانبداری کامظاہرہ کررہی ہیں،حکومت الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اورنئے قوانین پرمن وعن عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں ،یہ بات انہوں نے اتوار کے روزکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے، رشید ناصرکاکہناتھا کہ سیکورٹی کے حوالے سے نگران صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے دوہرامعیار روارکھا ہے ، کہیں ایسا نہ ہو کہ 25جولائی کو بھی یہی روش برقرا رکھی جائے، انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی جمہوری جماعت ہے،سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکسا سیکیورٹی فراہم کریں ، انہوں نے کہاکہ چمن میں آج ہونیوالے جلسے کو سیکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردیاگیا ہے،ان کاکہناتھا کہ سابقہ دورکے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث سالانہ 30ارب روپے لیپس ہوئے اور 150ارب روپے واپس اسلام آباد کو بھجوادیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانا عقلمندی کی دلیل نہیں ہے، عوام آئندہ عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کرکامیاب بنائیں ۔