انتخابات کے حوالے سے ہمارے تحفظات برقرار ہیں ،ساجد ترین ایڈوکیٹ

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء ساجد ترین ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ انتخابات کے حوالے سے ہمارے تحفظات برقرار ہیں راتوں رات بننے والی جماعت کو عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو صوبے کی سیاست پر اسکے منفی اثرات مرتب ہوں گے ،الیکشن کے نتائج چاہے جو بھی ہوبلوچستان کے حقیقی نمائندے ہی اس صوبے کے وارث ہیںصوبے میں آباد تمام اقوام کی مشترکہ جدوجہد سے ہی ہم ترقی اور خوشحالی کے منازل طے کر پائیں گے ،یہ بات انہوں نے اتوار کے روز کوئٹہ پریس کلب میں کاکڑ جمہوری پارٹی کے سربراہ ملک شمس کاکڑ کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر حاجی اسماعیل گجر ،میر ہمایوں عزیز کرد ،موسی بلوچ سمیت دیگر پارٹی رہنماء بھی انکے ہمراہ موجود تھے ،اس مو قع پران کا مزید کہنا تھا کہ بی این پی اپنے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے منظم پالیسی کے تحت میدان میں اتری ہے ، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی حمایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بی این پی صوبے میں نفرتوں کا خاتمہ چاہتی ہے برسراقتدار آکر صوبے میں بھائی چارے کو فروغ دیکر تمام اقوام کو یکجا کریں گے ،انتخابات سے قبل بلوچستان کے عوام نے بی این پی کے حق میں اپنافیصلہ دے دیا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نہ صرف بلوچ بلکہ صوبے میں بسنے والے تمام رنگ نسل ومذاہب اور اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ترجما ن جماعت ہے ،کاکڑ جمہوری پارٹی کی حمایت کا اعلان ہمارے لئے حوصلہ مند ہے ،اسٹیلبشمنٹ جو بھی کوشش کرے صوبے کے مالک بی این پی دیگر قوم پرستوں جماعتوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرے گی ،انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ کاکڑ جمہوری وطن پارٹی کے کارکنان ہمارے ساتھ ملکر اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے ،اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 28پر بی این پی کے نامزد امیدوار اسماعیل گجر نے ملک شمس کاکڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اگر اقتدار کا موقع ملا تو کوئٹہ کے سمیت بلوچستان بھر کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔