انتخابات میں دستبردار ہونے سے متعلق گردش کرنیوالی خبریں بے بنیاد ہیں ،راحیلہ حمید خان درانی

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اسپیکر اور حلقہ پی بی 29اور این اے 265سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راحیلہ حمید خان درانی نے کہاہے کہ میرے انتخابات میں دستبردار ہونے سے متعلق گردش کرنیوالی خبریں بے بنیاد ہیں عوامی خدمت کا جذبہ لیکر انتخابات میں حصہ لے رہی ہوں ،امید ہے کہ کوئٹہ کے عوام میرے حق میں ووٹ کا استعمال کرکے کامیاب بنائیں گے ،انہوں نے یہ بات اتوار کے روز حلقہ پی بی 29سے آزاد امیدوار نجیب اللہ خلجی کا انکے حق میں دستبردار ہونے کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر انہوں نے کہاکہ میں آزاد امیدوار نجیب اللہ خلجی اور قبائلی معتبرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ یہ تاثر غلط اور بے بنیاد ہے کہ میں دونوں حلقوں میں سے کسی ایک میں سے دستبردار ہورہی ہوں یہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے یہ مخالفین پروپیگنڈہ کررہے ہیں جن کو اپنی ہار نظرآرہی ہے وہ اس قسم کے افواہیں اڑا رہے ہیں ،میرے حوصلے بلند ہیں،انہوں نے کہاکہ لوگوں کا آگے آکر میری حمایت کا اعلان مجھ پر اعتماد کا اظہار ہے ،عوامی خدمت کا جذبہ لیکر میدان میں اتری ہوں ،انہوں نے کہاکہ ،انہوں نے کہاکہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ کوئی بھی امیدوار چاہیے وہ قومی یا صوبائی اسمبلی کا امیدوار ہو کسی صورت میں انتخابات سے دستبردارنہیں ہوگا ۔