الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کراچی سے کشمور تک پہیہ جام ہڑتال کردے گی، سردار عبدالرحیم

سیاسی جماعتیں تو مکمل طور پر ضابطہ اخلاق پر عمل کر رہی ہیںلیکن الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت اس پر عمل نہیں کر رہی ہے، پریس کانفرنس

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما و گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار رحیم نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کراچی سے کشمور تک پہیہ جام ہڑتال کردے گی، سیاسی جماعتیں تو مکمل طور پر ضابطہ اخلاق پر عمل کر رہی ہیںلیکن الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت اس پر عمل نہیں کر رہی ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پوسٹل بیلٹ کی ترسیل پاک فوج کی نگرانی میں کی جائے۔

پیپلز پارٹی کی دھاندلی کی سازشوں کو روکا جائے، ان خیالات کا اظہارانھوں اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی ، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے سے قبل از انتخاب دھاندلی کی نشاندہی پہلے ہی کرچکے ہیںجس میں ہم نے بتایا تھا کہ ضلع سانگھڑ کے تعلقہ شہداد پور میں محکمہ صحت کو بھیجے گئے 800پوسٹل بیلٹ لیڈی ہیلتھ سپروائزر نے اپنی تحویل میں لے لئے اور متعلقہ ووٹر کی مرضی کے برخلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار شاہد تھیم کا نام لکھ کر پیپلز پارٹی کا ووٹ بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ہی طرح سابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے حلقہ پی ایس80 میں بھی چھ افراد پوسٹل بیلٹ پر ٹھپے لگاتے ہوئے پکڑے گئے۔ سردار رحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہمدرد اہلکاروں نے دھاندلی کا ایک وسیع پلان مرتب کیا ہوا ہے۔ اس لئے جی ڈی اے مطالبہ کرتا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کی ترسیل کا نظام پاک فوج کے حوالے کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن پاکستان کی تاریخ کا حساس ترین الیکشن ہے اور عوام دھاندلی شدہ الیکشن کو کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔