پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جب بھی اقتدار سنبھالا ملک و قوم نے ترقی کی،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے دعوٰی کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے اپنی آئینی مدت کے دوران ہائیڈل، سولر اور کوئلے سمیت دیگر ذرائع سے 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی اور اسے قومی گرڈ میں شامل کیا تاکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کے لیے زمین بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت کے دوران ہی ایکوائر کی گئی تاکہ پانی کو زخیرہ کر کے زرعی شعبے کی توانائی کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک بھر میں روزانہ 18,18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اقتدار سنبھالتے ہی بجلی کی اس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے موثرو ٹھوس اقدامات کیے جن کی بدولت آج ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے جو ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب بھی اقتدار سنبھالا ملک و قوم نے ترقی ہی کی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری جیسا گیم چینجر میگا پراجیکٹ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی شروع ہوا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔