سابق وزیر اعلیٰ نے بی آرٹی کے نام پر پشاور کو آثار قدیمہ میں تبدیل کر دیا،حیدر خان ہوتی

اتوار 22 جولائی 2018 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے و سابق ممر صوبائی اسمبلی مظفر شاہ نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، اس سلسلے میں ایک تقریب نوشہرہ کینٹ میں منعقد ہوئی جس میں اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے مظفر شاہ کو اے این پی میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں ان کے ساتھیوں سمیت سرخ ٹوپیاں پہنائیں ، سید مظفر شاہ نے اپنے خطاب میں اے این پی اور امیر حیدر خان ہوتی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام تمام سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو چکے ہیں اور اے این پی ایک بار پھر ان کیلئے امید کی کرن ہے، نوشہرہ کے ضلعی صدر ملک جمعہ خان اور شاہد خٹک نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر اے این پی کے سینئر رہنما عبدالطیف آفریدی بھی موجود تھے،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ سید مظفر شاہ کی شمولیت سے پارٹی ضلع میں مزید مضبوط اور فعال ہو گی ، انہوں نے کہا کہ مستقبل اے این پی کا ہے اور کامیابی کے بعد صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہونے جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت کا رجحان اے این پی کی طرف ہے ، سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا وہ اس کا ازالہ کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے بی آر تی کے نام پر پشاور کو آثار قدیمہ میں تبدیل کر دیا ، یہ وہی میٹرو ہے جسے پی ٹی آئی والے پنجاب میں جنگلہ بس کہتے رہے لیکن اپنی کمیشن اور کرپشن کیلئے اسی جنگلہ بس کا سہارا لیا اور پشاور کو اجاڑ کر گھروں کو چلے گئے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ خزانہ خالی کر دیا گیا ہے اور آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن ادا کرنے کیلئے خزانے میں رقم موجود نہیں جس کی اے این پی ایک عرصہ سے نشاندہی کرتی آئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومت نی370ارب کا قرضہ لے کر ہڑپ کر لیا ، نیب نے کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت میں آ کر گزشتہ پانچ سالہ محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، صوبے کے عوام باچاخانی چاہتے ہیں، امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کامیابی کے بعد بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ دے گی اور نوجوانوں کو 10لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں ،انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن کی بھرپور تیاریاں جاری رکھیں اور عوام اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کی بقا کیلئے اے این پی کو کامیاب کریں۔