متحدہ مجلس عمل کی انتخابی مہم سے سیکولر،تکفیری عناصر کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں، علامہ سبطین سبزواری

25 جولائی کو علامہ ساجد علی نقوی سے محبت کرنے والے قائد کے فرمان ہے جان بھی قربان ہے کا عملی مظاہرہ کریںگے

اتوار 22 جولائی 2018 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) اسلامی تحریک صوبہ پنجاب کے صدر اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔دینی جماعتوں کی انتخابی مہم سے سیکولر قوتیں اور اتحاد امت کے عملی مظاہرے سے انتہا پسند دہشت گرد تکفیری عناصر کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔

25۔ جولائی کو علامہ ساجد علی نقوی سے محبت کرنے والے قائد کے فرمان ہے جان بھی قربان ہے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں گے۔کتاب کا نشان روشنی اور ہدایت کی علامت ہے۔ جو بھی کتاب اللہ قرآن مجید کا پیروکار ہے، اسے ووٹ متحدہ مجلس عمل ہی کو دینا چاہیے۔ پانچ دینی جماعتوں کے اتحادنے انتہا پسندی کی کمر توڑ دی ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد اوررحیم یار خان میں شاہ اویس نورانی، ڈاکٹر جاوید اختر ، مولانا سردار محمد خان لغاری اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ ایم ایم اے کے انتخابی جلسوں سے خطابات کے بعد لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ایم ایم اے کے امیدوار بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ نظام مصطفی کے نفاذ اور ملکی مسائل کے حل کے لئے عوام کے پاس متحدہ مجلس عمل کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

کیونکہ ایم ایم اے کی قیادت دیانتدار ہے۔ لوگ سوچ سمجھ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے کرپٹ عناصر سے نجات کے لئے ایم ایم اے کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ جس کے لئے متحدہ مجلس عمل کی سیاسی جدوجہد انتخاب کے بعد بھی جاری رہے گی۔ انہوںنے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی رکن جماعتوں کے قائدین علامہ ساجد علی نقوی ،مولانا فضل الرحمان، پیر اعجاز ہاشمی،پروفیسر ساجد میر اورسراج الحق پر کرپشن کا کوئی داغ ہے اور نہ ہی انہوںنے کسی بینک سے قرضہ لے کر معاف کروایا ہے۔علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے سرغنے کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملنا عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کے لیے سوالیہ نشان ہے۔