جولائی کے انتخابات مہاجروںکیلئے ٹیسٹ کیس ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

اتوار 22 جولائی 2018 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) بانی صوبہ مہاجر تحریک اور قومی اسمبلی کے حلقہ 254 اور این اے 239 کے اُمیدوار ڈاکٹر سلیم حیدر نے پی ایس 102 گلشن اقبال سے آزاد اُمیدوار محمد عثمان کوثر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حلقے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عثمان کوثر کے انتخابی نشان تالے کو ووٹ دے کر انہیں کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کے انتخابات مہاجروں کیلئے ٹیسٹ کیس ہیں ، اگر اب بھی مہاجروں نے دانشمندی اور شعور سے ہٹ کر جذباتیات کا مظاہرہ کیا تو پھر پانچ سال تک مہاجروں کو پچھتانے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

وہ اپنے انتخابی حلقے درخشاں سوسائٹی، کھوکھرا پار نمبر2، شاہ فیصل کالونی نمبر4 ، رفاع عام سوسائٹی اور دیگر مقامات پر انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگوں سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راجپوت برادری کے راؤ محمد اقبال نے برادری کی جانب سے ڈاکٹر سلیم حیدر کی حمایت کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ آج مہاجروں پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ اُن مہاجر نمائندوں کو آگے لے کر جائیں جنہوں نے مہاجروں کیلئے قربانیاں دی ہوں۔

اپنی زندگی کا بیشتر حصہ مہاجر حقوق کی جدوجہد کیلئے صرف کیا ہونہ کہ ان کو جو مہاجر نام پر 30 سال سے بھتہ گیری، چائنا کٹنگ کرتے رہے ہیں اور اب ایک مرتبہ پھر مہاجروں کو پرفریب نعروں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہادرآباد کے پیچھے چھپے ٹولے نے مہاجروں سے زیادہ غیر مہاجروں کو فائدہ پہنچایا۔ مہاجر ہمیشہ ان ہی کے اعتاب اور ناانصافیوں کا شکار رہے ۔

یہ پیپلزپارٹی کے سندھی ، اے این پی کے پختون اور بلوچوں سے تو مخلص ہیں لیکن مہاجروں سے ان کی ہمدردی کا یہ عالم ہے کہ ہزاروں مہاجروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنے اور سینکڑوں کو بے گھر کرنے کے بعد بھی شرمندہ ہونے کے بجائے اس سارے عمل کو اپنی ذات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔