سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 99 سے آزاد امیدوار حاجی ساتھی محمد شیخ ملی مسلم لیگ کے حق میں دستبردار ہوگئے

اتوار 22 جولائی 2018 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 99 سے آزاد امیدوار حاجی ساتھی محمد شیخ ملی مسلم لیگ کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی سے ملاقات کے موقع پر آزاد امیدوار نے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے قومی نشست پر بھی ملی مسلم لیگ کی حمایت کردی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلقہ پی ایس 99 سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدار علی گبول، حافظ عبدالقیوم اور معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ آزاد امیدوار حاجی ساتھی محمد شیخ نے ملی مسلم لیگ کو حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی ایس 99 میں ان کے تمام سپورٹرز انتخابی نشان کرسی کو ووٹ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کا عزم لے کر عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ ہم صادق و امین قیادت کو اپنا نمائندہ دیکھنا چاہتے ہیں، جو کرپشن کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دے۔ ہم ہر سطح پر ملی مسلم لیگ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے نمائندوں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔