سی ڈی اے کی طرف سے اسلام آباد میں سکولوں کو سیل کرنا غیر قانونی اور ملک دشمنی ہے،چیف جسٹس از خود نوٹس لیں،ملک ابرار حسین

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کا لجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کی طرف سے سکولوں کو سیل کرنے کو غیر قانونی اور ملک دشمنی قرار دیا ۔ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار حسین نے کہا کہ سی - ڈی - ای کے اس اقدام سے اسلام آباد کے ساڑھے تین لاکھ بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے بند ہو جائیں گے اور چالیس ہزار سے زائد لوگ روز گار سے محروم ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک پرانے کیس میں پرائیویٹ سیکٹر کا موقف سنا ہی نہیں گیا اور اچانک سی -ڈی -ای نے اسلام آباد کے با سیوں پر تعلیم کے دروازے بند کر دیئے ایسا معاملہ ملک دشمنی اور سمجھ سے بالا تر ہے ۔

(جاری ہے)

ملک ابرار حسین نے کہا کہ ایسی اتھارٹیوں کی موجودگی میں پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں بلکہ یہ دشمن کی آلہ کاربن کر عوام کیلئے دہشت گردی کا سامان پیدا کر رہی ہیں ۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد کے سکولوں کو سیل کر کے ساڑھے تین لاکھ بچوں کو زیور تعلیم سے محروم کرنے کا ازخود نوٹس لیں کیونکہ اس عمل سے ملک کی دنیا بھر میں رسوائی اور اساتذہ کی ہتھک ہو رہی ہے۔ملک ابرار حسین نے کہا کہ ایسوسی ایشن اس معاملے میں سپریم کورٹ جائے گی اور مسئلے کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سینئر رہنماؤں ڈاکٹر افراہم ستی ، محمد اشرف ہراج، ملک دین محمد اعون، قاسم عباس، اور مبشر ہارون مغل نے بھی خطاب کیا۔