شہزادہ حسین مقپون کا سیلاب سے متاثر ہونے والی ضلع غذر کے تحصیل اشکومن کے علاقوں کا دورہ

ْمتاثرہ خاندانوں کے مسائل سنے اور متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کو آرڈنیٹر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ شہزادہ حسین مقپون نے سیلاب سے متاثر ہونے والی ضلع غذر کے تحصیل اشکومن کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں متاثرہ خاندانوں کے مسائل سنے اور متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ برست میں گلیشیر پھٹنے اور سیلاب آنے سے متاثرہ علاقے میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی خصوصی ہدایت پر پہلے حکومتی نمائندے کے طور پر طویل پیدل سفر طے کرنے کے بعد متاثرہ خاندانوں کے پاس پہنچ گئے اور ابتدائی طور پر صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی غذائی امداد متاثرین میں تقسیم کئے گئے ۔

جب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کو آرڈنیٹر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ شہزادہ حسین مقپون متاثرین کے پاس پہنچ گئے تو انہوں نے اپنے مسائل بتاتے ہوئے راستے بند ہونے اور رہائشی مکانات ملیا میٹ ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کی حالت انتہائی ابتر ہو گئی ہے اور فوری طور پر راستوں کی بحالی ، عوام کو کھانے کیلئے خوراک اور رہائش کیلئے شلٹر فراہم کئے جائیں جس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کو آرڈنیٹر شہزادہ حسین مقپون نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر خوراک اوررہائش کیلئے ٹینٹ فراہم کر دئیے گئے ہیں اور سڑکوں کی بحالی کا کام بھی شروع کیا گیا ہے اور حکومت متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کو آرڈنیٹر نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر سیلاب سے متاثر ہونے والے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور متاثرین کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے ، مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں ،صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے بھر پور اقدامات کریگی ۔

متعلقہ عنوان :