ای ٹکٹنگ ،ریلوے راولپنڈی ڈویژن کو 185 ملین روپے کے ریونیو حاصل

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے ای ٹکٹنگ کے ذریعے 185 ملین روپے کا ریونیو اکٹھا کر لیا۔ڈویژنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے مالی سال 2017-18میں 138,031 مسافروں کو ای ٹکٹنگ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 185 ملین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ اس عرصہ میں مجموعی طور پر ملک بھر میں 2,082,324 مسافروں نے ای ٹکٹنگ کی سہولت سے استفادہ کیا ۔ای ٹکٹنگ سے راولپنڈی ڈویژن ریلوے کا ریونیو 185ملین جبکہ پاکستان ریلوے کا ملک بھر میں ای ٹکٹنگ سے 2.705 بلین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں ڈی سی او رضا علی حبیب نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مسافروں کی سہولت کے لیے پاکستان ریلوے نے تقریباً دو برس قبل ای ٹکٹنگ کا دوبارہ اجراء کیا تھا تاکہ ریل مسافر ملک بھر سے کسی بھی جگہ سے ٹکٹس کی بکنگ کراسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ابتدائی طور پر آن لائن سسٹم پاکستان ریلوے کی گرین لائن ایکسپریس سمیت پانچ ریل کارز کے لیے متعارف کروایا گیا تھا تاھم اس وقت ای ٹکٹنگ کی سہولت تمام ٹرینوں کے لیے دستیاب ہے ۔ای ٹکٹنگ نظام کی بدولت نہ صرف ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کا اکائونٹنگ نظام بھی بہتر ہوا ہے ۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان ریلوے نے یونائیٹڈ بنک کے اشتراک سے ای ٹکٹنگ نظام کا دوبارہ اجراء کیا تھا ۔مسافر آن لائن ٹکٹوں کی رقوم بذریعہ ڈیبٹ کارڈ ،آن لائن ،مائیکرو ٹرانسفر ،موبی کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے باآسانی ادا کرسکتے ہیں ۔آن لائن نظام کی بدولت مسافر اپنے ٹکٹس گھروں سے بک کروا سکتے ہیں ۔ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت ریلوے کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ کرپشن کے امکانات میں بھی کمی آئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :