ملک کا نظام لوٹوں سے نہیں بلکہ کتاب سے تبدیل ہوگا ،حافظ نعیم الرحمن

عوام کتاب کے نشان پر مہر لگاکرمجلس عمل کو کامیاب بنائیں ، 25جولائی کو فتح کتاب کی ہو گی۔ شیر خانہ آباد اور فرنٹیئر کالونی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کراچی میں امن قائم ہونے کے بعد ہی کیوں پارٹیوں کو کراچی کی یاد آگئی ،ْیہ سب نوسرباز ہیں جو کراچی کے عوام کو دھوکا دینے آئے ہیں

اتوار 22 جولائی 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) جماعت اسلا می کراچی کے امیر و مجلس عمل کے حلقہ NA-250کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کا نظام لوٹوں سے نہیں بلکہ کتاب سے تبدیل ہوگا ،کتاب علم ،تہذیب و ترقی کی علامت ہے ،کتاب کو سربلند کرناہوگا، اس کتاب کو اپنا امام بنانا ہوگا یہی کتاب ہمارے لیے دنیا وآخرت میں ہمارے لیے فلاح کاباعث بنے گی ، عوام کتاب کے نشان پر مہر لگاکرمجلس عمل کو کامیاب بنائیں ، 25جولائی کو فتح صرف کتاب کی ہو گی ، اس وقت ملک میں سیکولر اور دینی جماعتوں کے درمیان معرکہ ہے ، جہاں ایک طرف شیطان کا نظام لانا چاہتے ہیں ، ہماری ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کے سر سے چادر چھیننا چاہتے ہیں ،ہم سے ہمارے تہذیب چھیننا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وارثین انبیاء ہیں جو پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق ریاست بنانا چاہتے ہیں جس میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کا نظام قائم ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب NA-250 کے علاقے شیر خانہ آباد اور فرنٹیئر کالونی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی پی ایس 120عبد الرزاق خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے خطا ب کرتے ہوئے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل ایک بار پھر سے نہ صرف بحال ہے بلکہ فعال بھی ہے یہ دینی جماعتوں کا اتحاد ہے اور یہ اتحاد جمع نہیں بلکہ ضرب ہوگا اور شیطانی قوتوں کے خلاف آخری کیل ثابت ہوگا،کراچی میں امن قائم ہونے کے بعد بہت سارے لوگ پیرا شوٹ سے اتر کر آرہے ہیںان کو کراچی کی یاد آگئی ہے ، اب ان کو کراچی کے پانی کامسئلہ یاد آرہا ہے ،کراچی کے عوام پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ تم لوگ اس وقت کہاں تھے جب کراچی کے الیکٹرک ، واٹر بورڈ اور نادرا کے مظالم سہہ رہا تھا ، اوور بلنگ کے ذریعے عوام پر ظلم کیا جارہا تھا اب کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے آرہے ہو۔

یہ لوگ صرف سیاست چمکانے آرہے ہیں ، کراچی کے عوام سے ووٹ لے کر پھر اگلے پانچ سالوں تک عوام کو نظر نہیں آئیں گے ، جماعت اسلامی نظریاتی جماعت ہے ، یہ عوامی جماعت ہے جو خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوام کے درمیان موجود ہوتی ہے ۔ ہم نے کے الیکٹرک ، واٹر بورڈ اور نادرا کے مسائل حل کرائے اور عوام کے ساتھ کھڑے رہے ۔عوام ایسے نوسربازوں کو مسترد کر کے کتاب کے نشان کو ووٹ دے کر مجلس عمل کو کامیاب بنائیں۔عبد الرزاق خان نے کہا کہ چوراور لیٹروں نے بہت کوشش کی کے عوام کے نام پر قومی خزانے کو لوٹا جائے لیکن جب تک عبد الستارافغانی اور نعمت اللہ خان کی ٹیم یہاں موجود ہے ہم کسی چور اور کسی تبدیلی کا نعرہ لگانے والے کو عوام کے حقوق کھانے نہیں دیں گے ۔