پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کا پورٹس مائو تھ یو- کے کا دورہ، رائل نیوی کے جہازوں کے ساتھ باہمی مشقوں کا انعقاد

اتوار 22 جولائی 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) اینٹی سب میرین وارفئر ہیلی کاپٹر Z9EC سمیت پی این اصلت بحیرہ روم اور یورپی ممالک میں بیرونِ ملک تعیناتی کے سلسلے میں تیسری بندرگاہ پورٹس مائوتھ کے ہر میجسٹی نیول بیس، یونائیٹڈ کنگڈم پہنچ گیا ۔ اس تعیناتی کا مقصد بحری سفارتکاری کے ذریعے بحیرہ روم اور یورپی ممالک میں دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا اورحکومتِ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کو اجاگر کرنا ہے۔

قبل ازیں، پاک بحریہ کے جہاز نے عقابہ اور الجیریا کی بندرگاہوں کا دورہ کیا ۔بندرگاہ آمد پر،پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کا کمانڈر نیول بیس پورٹس مائوتھ ، پاکستان کے ہائی کمشنر اور ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر نے پرتپاک استقبال کیا۔ رائل میریننر بینڈ نے جہاز کو سریلی دھنیں بجا کر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

جہاز کووسیع الیکٹرانک اور پرنٹ کوریج دی گئی۔

پی این ایس اصلت کی پورٹس مائوتھ پورٹ کال کے موقع پر،پاک بحریہ کے مشن کمانڈر اور ان کے ہمراہ پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر نے یو- کے میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر ، پاکستان میں تعینات یو- کے کے ہائی کمشنر، پورٹس مائوتھ کے لارڈ میئر، اسسٹنٹ چیف آف سٹاف (شپس)کمانڈ ہیڈکواٹرز اور کمانڈر نیول بیس سے ملاقاتیں کیں۔ مزید برآں، پاک بحریہ کے افسروں، سی پی اوز اور سیلرزنے بشمول HMS Victory کے مختلف رائل نیوی کے ٹریننگ کے اداروں کا دورہ کیا۔

HMS Victory رائل بحریہ کے فرسٹ سی لارڈ کا فلیگ شپ ہے۔پاک بحریہ کے جہاز کی یونائیٹڈ کنگڈم میں موجوددگی کے دوران میزبان ملک کے ساتھ بالعموم اور رائل بحریہ کے ساتھ بالخصوص پیشہ ورانہ اور سماجی ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا۔پاک بحریہ اور رائل بحریہ میں قیامِ پاکستان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ پچھلے کئی سالوں سے رائل بحریہ کی مہیا کی گئی تربیتی سہولیات اور ٹیکنیکل مشوروںنے دونوں بحری افواج کے مابین قریبی تعلقات کی تقویت کو ایک ٹھوس بنیاد دی ہے۔

دونوں ممالک کے مابین نہ صرف ٹریننگ ، ٹیکنیکل کوپریشن اور اعلیٰ درجے کے دوروں میں قریبی تعاون جاری ہے بلکہ مضبوط سیاسی، سفارتی، معاشی اور بحری تعلقات بھی قائم ہیں۔ پاک بحریہ کی میری ٹائم کے شعبے اور افرادی قوت کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بہتر بنانے میں کاوشوں کو بھی رائل نیوی کے عہدیداروں نے سراہا۔دورے کے دوران پی این ایس اصلت پر استقبالیہ بھی دیا گیا۔

غیر ملکی سفارتکاروں، یو- کے کی بحریہ کے افسروں اور نمایاں پاکستانی شخصیات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیکنڈ سی لورڈ، وائس ایڈمرل انتھونی رداکن استقبالیہ کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر، جناب رحمان چشتی، برٹش پارلیمنٹ کے ممبر، پورٹس مائوتھ کے لارڈ میئر، یو-کے فارن اور کامن ویلتھ آفس اور یو- کے منسٹری آف ڈیفنس کے نمائندگان، کمانڈر پورٹس مائوتھ فلوٹیلا اور ڈیفنس اتاشی بھی موجود تھے۔

ایک کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے بے پناہ مسرت کے ساتھ پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کیا۔ یہ دورہ دونوں بحری افواج کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ جہاز کے دورے کے پروگرام میں یو- کے کے پانیوں میں پہلی دو طرفہ مشق بھی شامل ہے۔ پاک بحریہ اور رائل بحریہ کے مابین آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے اور باہمی تجربوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے بحری آپریشنز اور دیگر جنگی مشقیں بھی دورے کا حصہ ہیں۔ پی این ایس اصلت کا یہ دورہ یو- کے اور پاکستان میں دو طرفہ بحری تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :