عدلیہ نے محض ن لیگ کوہی ٹارگٹ کر رکھا ہے،وقارحسین گورچانی

الیکشن کی شفافیت مجروح اور مشکوک ہو چکی ہے،الیکشن کے نام پر ہونے والی سلیکشن کی وجہ سے ملک بدنام ہو رہا ہے

اتوار 22 جولائی 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن پی ایس 123کے صدر وقارحسین گورچانی نے کہا ہے کہ عدلیہ نے محض ن لیگ کوہی ٹارگٹ کر رکھا ہے،جس سے الیکشن کی شفافیت مجروح اور مشکوک ہو چکی ہے،الیکشن کے نام پر ہونے والی سلیکشن کی وجہ سے ملک بدنام ہو رہا ہے،یادرکھیں قوم جانبدارانہ الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرے گی۔

یہ باتیں انہوں نے نیوکراچی میں ن لیگی ووٹرزاور سپورٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بن چکا ہے، لاڈلے کے لئے میدان صاف کرنے والے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔وقارحسین گورچانی نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے، بدزبانی کرنے والا بدتمیز لیڈر وزیراعظم کے منصب کا اہل نہیںہے،ن لیگ کے ساتھ امتیازی سلوک پر عوام کا غم و غصہ طوفان بن سکتا ہے، کنگ پارٹی کے مخالفین کے ہاتھ پاؤں باندھے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قوم ووٹ کی طاقت سے 25 جولائی کو خفیہ طاقتوں کی ہر سازش پاش پاش کر دے، جمہوریت کی بالادستی کی آخری اور فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے،جمہوری طاقتیں متحد ہو کر ووٹ کی طاقت منوائیں۔کوئی یہ نہ سمجھے کہ دھاندلی سے کامیاب ہوجائیں گے ،ن لیگ کے کارکن اپنے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے 25جولائی کو سیکورٹی انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے کارکنان کاایک دوسرے کے آمنے سامنے آنا انتہائی افسوسناک ہے،الیکشن کے دن دنگافساد ہونے کے خطرات کے پیش نظر مناسب اقدامات کئے جائیں۔