ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کی ترجیحی بنیادوں پر خدمت کی ہے،راحیلہ حمید خان درانی

25جولائی کو عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کو جاری رکھوں گی،لیگی رہنماء

اتوار 22 جولائی 2018 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حلقہ این ای265اور حلقہ پی بی 29سے نامزد امیدوار راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کی ترجیحی بنیادوں پر خدمت کی ہے اور اپنے فنڈز صوبے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کئے ہیں اور 25جولائی کو عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کو جاری رکھوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی بی 29سے آزاد امیدوار نجیب اللہ خلجی کی جانب سے ان کے حق میں دستبردار ہونے کے موقع پر اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر حلقہ پی بی 29سے آزاد امیدوار نجیب اللہ خلجی نے کہا کہ میں نے حلقہ کے وسیع تر مفاد کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار راحیلہ حمید خان درانی کے حق میں غیر مشروط طور پر دستبردار ہورہا ہے اور امید کرتا ہوں کہ وہ کامیابی حاصل کرکے ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گی اس موقع پر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ میں نے ہر دور اقتدار میں بلا تفریق تعصب سے بالاتر ہوکر کوئٹہ کے لوگوں کی خدمت کی ہے تعلیم صحت سمیت دیگر شعبوں میں اپنے فنڈز خرچ کرکے لوگوں کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کروں گی میں نے انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے جو ملاقاتیں کی ہیں اس میں تمام مسائل کو محسوس کیا ہے پاکستان مسلم لیگ ن 2018ء کے انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے بلوچستان کے لوگوں کے حقیقی مسائل کو ہر صورت حل کروں گی کیونکہ یہ ہمارا مشن ہے اور میں پارٹی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں گی انہوں نے آزاد امیدوار نجیب اللہ خلجی کی جانب سے ان کے حق میں دستبردار ہونے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو مجھ پر اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اتروں گی تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں ۔