اکرام اللہ خان گنڈاپور ایک بڑا اثاثہ تھے، ان کی شہادت پر ان کے خاندانوں سمیت پوراملک افسردہ ہے، آفتاب شیرپائو

انتخابات کے وقت سیاسی امیدواروں پر پے در پے قاتلانہ حملے شدید نوعیت کے ہیں نگران حکومت کو چاہیے وہ دوسرے امور پر اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے ان کی جو اصل ذمہ داری ہے جیسا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنائے،چیرمین قومی وطن پارٹی

اتوار 22 جولائی 2018 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے ڈی آئی خان میں پیش آنے والے المناک سانحہ کی شدید الفاظ میں مزمت کی جس میں سابقہ صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈاپوراور ان کے ساتھی شہید ہوئے ۔انھوں نے کہا کہ اکرام اللہ خان گنڈاپور ایک بڑا اثاثہ تھے اور ان کی شہادت پر ان کے خاندانوں سمیت پوراملک افسردہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت سیاسی امیدواروں پر پے در پے قاتلانہ حملے شدید نوعیت کے ہیں اور نگران حکومت کو چاہیے کہ وہ دوسرے امور پر اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے ان کی جو اصل ذمہ داری ہے جیسا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنائے ۔وہ کنیور تحصیل تنگی ضلع چارسدہ میں ایک انتخابی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آفتاب شیرپائو نے سانحہ ڈی آئی خان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور ناکام ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ نگران حکومت کی جو اصل ذمہ داریاں ہیں جس میں وہ پابند ہیں کہ وہ نئے انتخابات کیلئے راہ ہموار کرے اور اس دوران الیکشن کی شفافیت اور سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائے تاہم اول روز سے نگران حکومت کی جانب سے کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی جس سے نہ صرف امیدواروں بلکہ عوام میں بھی شدید عدم تحفظ کی کیفیت پائی جارہی ہے جو کہ نیک شگون نہیں۔

انھوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کو چاہیے کہ وہ پالیسی کے نفاذ میں دخل اندازی نہ کرے اور ان امور کو نئے بننے والی حکومتوں کو کرنے دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اور باالخصوص خیبر پختونخوامیں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ایک افسوس ناک آمر ہے اور ان واقعات کی جلد از جلد سدباب ضروری ہے تاکہ مزید تباہ کاریوں سے بچا جاسکیں۔

آفتاب شیرپاو،ْ نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختون قوم نے بے تحاشہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور وہ ملک میں تاریخ کے ایک کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی قابل افسوس ہے کہ مرکزی اور صوبائی سطح پر جتنی بھی حکومتیں آئی انہوں نے پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا اور اقتدار میں آکر ان کو بھول گئے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہیں اور قومی وطن پارٹی نے یہ عہد کیاہوا ہے کہ وہ پختون قوم کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔