پشاور میں الیکشن 2018 پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

اتوار 22 جولائی 2018 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) ضلع پشاور میں الیکشن 2018 پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر کیمپ آفس میں ماڈل کنٹرول روم نے کا م کر نا شروع کر دیا ہے اس سلسلے میںکمشنر پشاور ڈویژن شہاب علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈا کٹر عمران حامد شیخ کے ہمراہ ماڈل کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثناء اللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نجید اللہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بات کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ پشاور میں الیکشن 2018 کے لیے 1217 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔جن میں سے 655 میل ،517 فیمیل جبکہ 45 کمبائنڈ پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ ان پولنگ سٹیشن میں سیکیورٹی کے لیے پاک آرمی کے ساتھ پولیس کے اہلکار بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے اور ان میں سے حساس پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی CCTV کیمرے لگا دیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں پندرہ مقامات پر انتظامیہ کے ذیلی دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں۔جن میں تمام محکموں بشمول آرمی و پولیس کے نمائندے موجود ہونگے اور خدانخواستہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ الیکشن کے حوالے سے سٹاف کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے متعلق خصوصی تربیت دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پشاور میں اسلحہ کی نمائش اور کالے شیشوں پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے اور الیکشن 2018کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔