سندھ میں دھاندلی زدہ انتخابات روکنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر اورآرمی چیف مداخلت کریں ،مفتی غوث بغدادی

سابق وزیر اعلیٰ کے حلقے میں پوسٹل بلیٹ پیرز پر ٹھپہ لگانے کے واقعہ نے ہمارے خدشات کی تصدیق کر دی،امیر ٹی ایل پی سندھ

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کے حلقہ انتخاب سہون میں پوسٹل بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کے واقعے نے ہمارے خدشات کوسوفیصد درست ثابت کر دیاہے چیف الیکشن کمشنرپاکستان ، چیف آف آرمی اسٹاف سندھ میں شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات عمل میں لائیں ۔

صوبے میں دھاندلی زدہ انتخابات بدامنی کا باعث ہوسکتے ہیںوہ پی آئی بی کالونی میں تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدواربرائے قومی اسمبلی حلقہ نمبر 245علامہ احمد رضا امجدی،صوبائی اسمبلی حلقہ نمبر 106غلام ہاشم ، صوبائی اسمبلی حلقہ نمبر 105احمد علی کے انتخابی جلسہ عام سے اور بعد ازاں ٹی ایل پی سندھ کے عہدے داروں کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ سندھ میںنگراں حکومت اور انتظامیہ نمائشی اورجانبدار ، گورنر سندھ ن لیگ کاوفادار اور نگراں وزیر اعلیٰ زرداری کا کمی بنا ہوا ہے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤسز صوبے میں جعلی انتخاب کے مراکزبنے ہوئے ہیں ،ایسے میں سینیٹ میں دوجماعتوں کی جانب سے انتخابات کی ساکھ کو مشکوک بناکر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وہ یہ کیوںنہیں بتاتے کہ وفاق اور صوبوں میں نگراںحکومیتیںان ہی دو نوں جماعتوں کی نامزد کر دہ ہیں اور وہ ان کی جانبداری اور غیر منصفانہ طرز عمل کو چھپانے کیلئے ایوان بالامیں ڈرامہ بازی بند کریں ۔مفتی غلام غوث بغدادی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی انتخابات میں بیرونی دباؤکو کسی صورت میں قبول نہ کرے ۔

یہ عمل بین الاقوامی قوانین کے مطابق پاکستان کی خود مختاری اور آزادی میں براہ رست مداخلت ہے۔ مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کی عوامی مقبو لیت اور کامیاب انتخابی مہم نے اسلام مخالف قوتوں کو ہلا کر رکھ دیاہے اور پاکستان کو بچانے کیلئے کرین کا انتخابی نشان عوام کی پہلی پسند بن چکا ہے۔ 25جولائی کا دن کراچی کو خاک اور خون میں نہلانے والوں اور سندھ کا خزانہ لوٹنے والوں کا ان شاء اللہ یوم حساب ہوگا۔