ڈپٹی کمشنر ملیر وایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عابد علی کا دائود چورنگی تا یونس چورنگی ڈبل ٹریک روڈ پر صفائی ستھرائی کے امور کا جائزہ لیا

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملیر / ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عابد علی نے میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر عمران اسلم کے ہمراہ داد چورنگی تا یونس چورنگی ڈبل ٹریک روڈ پر صفائی ستھرائی کے امور کا جائزہ لیا ، ڈبل ٹریک روڈ کی مختلف جگہوں پر کچرے کے ڈھیروں کو دیکھ کر ڈپٹی کمشنر ملیر / ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران اور ٹھکیدار پر سخت ناراضگی و برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کے امور انجام دیے ہی نہیں گئے اور کچرا بھی اٹھایا نہیں گیا ، صفائی ستھرائی کے امور کی انجام دہی میں غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جو ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ، بہتری نہ آئی توکسی بھی محکمہ جاتی کارروائی سے دریغ نہیں کروں گا، ڈپٹی کمشنر ملیر / ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عابد علی نے مزید کہا کہ بلدیہ ملیر کی تمام یوسیز کی مرکزی وذیلی شاہراہوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں صفائی ستھرائی کے امور کو یقینی بنایا جائے،بلدیہ ملیر کے تمام پولنگ اسٹیشن2018 کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات 25جولائی سے قبل مکمل کیے جائیں، صاف ستھرے ماحول کی تشکیل کیلیے ہر فرد کواپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی، نالوں کی صفائی مہم کے دوران نکلنے والا کچرا و ملبہ شاہراہوں سے فورااٹھایا جائے اور عوام کو بلدیاتی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملیر / ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عابد علی نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے متعلقہ افسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نجی شعبے کے ذریعے صفائی ستھرائی کے 100 فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنائے ، صفائی ستھرائی کے امور میں مزید بہتری و تیزی لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں آئندہ بھی ان علاقوں کا دورہ کروں گا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال چیک کروں گا بہتری نہ آئی توکسی بھی محکمہ جاتی کارروائی سے دریغ نہیں کروں گا۔

متعلقہ عنوان :