حلقہ پی بی 11میں 8ہزار سے زائد جعلی شناختی کارڈبنائے گئے ہیں جس میں اکثریت خواتین کی ہے،پیپلز پارٹی کے امیدوار میر صادق عمرانی کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

ڈیرہ مرادجمالی ۔22جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سینیٹرل کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر حلقہ پی بی گیارہ سے نامزدامیدوارمیرمحمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 11میں 8ہزار سے زائد جعلی شناختی کارڈبنائے گئے ہیں جس میں اکثریت خواتین کی ہے یہ سب کچھ حکمرانوں کی سرپرستی میں کیا جارہا ہے اورسرکاری وسائل کو بے دریغ سے استعمال کیا جار ہا ہے جوکہ الیکشن کمیشن کے قواعدوضوابط کی کھلم کھلاخلاف ورزی ہے اس طرح کے اقدامات سے ظاہرہوتاہے کہ غیرجانبدانہ اورشفاف الیکشن کے دعوے محض دکھاوے کے سوا کچھ نہیں ہم کسی صورت یہ سب کچھ برداشت نہیں کریں گے‘ الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میرصادق عمرانی نے کہاکہ ان جعلی کارڈوں پر ایڈریس سکندر آباد لکھا گیا ہے جس کا ثبوت ہمارے پاس موجود ہے ابھی سے دھاندلی کا منصوبہ تیارکیا گیا ہے ہم بھرپور مزاحمت کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے حلقے کی تمام اقوام کی مکمل حمایت حاصل ہے انشاء اللہ جیت میرا مقدر بنے گی میں جمہوری وطن پارٹی (عالی)کے سربراہ نواب میرعالی خان بگٹی کابھی مشکورہوں جنہوںنے میری مکمل تائیدوحمایت کااعلان کیا ہے ا ن کی حمایت سے میری پوزیشن مزیدمستحکم ہوگئی ہے ۔