انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں وسائل کی کمی نہیں اصل مسئلہ ناقص حکمرانی کا ہے، بی این پی (عوامی) کے صدر میراسرار زہری کی مختلف وفود سے بات چیت

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

خضدار ۔22جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے قائد و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی38و39سے پارٹی کے نامزد امیدوار میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں وسائل کی کمی نہیں‘ اصل مسئلہ ناقص حکمرانی کا ہے‘ اختیارات کی صوبوں کو منتقلی کے باوجود عوامی مسائل میں کمی نہ ہونا بد قسمتی سے کم نہیں اگر صوبے کی وسائل صحیح معنوں میں خرچ کئے جائیں تو غربت اور بے روزگاری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زہری ہائوس خضدار میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ایک قومی فریضہ ہے عوام کو ووٹ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا، ووٹ کی پرچی کے ذریعے ہی کرپٹ اور مفاد پرست عناصر کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بہت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہے ہمیں بھی اپنی سوچ میں تبدیلی لاناہوگی روایتی سوچ کے ذریعے ہم دیگر اقوام کا مقابلہ نہیں کرسکتے‘ مسائل کے حل کے لئے صحیح نمائندوں کا انتخاب ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ہم نے ماضی میں بھی اقتدار میں آکر بلا تفریق نوجوانوں کو ملازمتیں دی ہیں پچیس جولائی کو کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے بے روزگاری پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعد صوبے کی وسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی اداروں میں ہزاروں آسامیاں خالی ہیں لیکن اس کے باوجود نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیںاصل مسئلہ وسائل کی کمی کا نہیں بلکہ کمزور عوامی نمائندگی اور ناقص حکمرانی کا ہے ترقی و خوشحالی کے لئے صحیح نمائندوں کا انتخاب ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کو صوبہ بھر میں بھر پور عوامی حمایت حاصل ہے پچیس جولائی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے غریب عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی کریں گے۔انہوں نے بی این پی عوامی کی کارکنوں،ہمدردوں اورووٹروں سے اپیل کی ہے کہ پچیس جولائی کے انتخابات میں بی این پی عوامی کے تمام نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیئے دن رات جدوجہد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہ جائیں ۔