مشکل وقت میں مسافروں کی مددکی بناء پر موٹروے پولیس نے عوام میں پذیرائی اور نیک نامی کمائی، آئی جی موٹروے پولیس

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

لاہور۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں مسافروں کی مدد وہ وصفت ہے جس کی بناء پر موٹروے پولیس نے عوام میں پذیرائی اور نیک نامی کمائی، موٹروے پولیس کی اولین ترجیح مدد ہونی چاہیے، اِن خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے پولیس افسران کے اجلاسِ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اِس موقع پر ڈی آئی جی سنٹرل زون احمد ارسلان ملک ،ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی ، ایس ایس پی غلام جعفر اور موٹروے پولیس کے دیگر افسران وملازمان بھی موجود تھے۔آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان نے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس کی اًسی فیصد ڈیوٹی روڈ یوزرز کی ہر ممکنہ مدد پر مشتمل ہے ،اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان نے مزید کہا کہ اس سپاہ کی پہچان خوش اخلاقی ہے جس کا دامن کسی صورت نہ چھوڑا جائے۔آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان نے افسران کو تلقین کی کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی خوش اخلاقی اور صبر سے کام لینا ہی ہمارا اصل امتحان ہے تاہم اگر موٹروے پولیس کے کسی افسر کی عزتِ نفس اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار نے مزید کہا کہ اس فورس کے جونیئر آفیسر سے لے کر آئی جی تک سب کی ایک یونیفارم ہے اور سب نے مل کر اس ادارے کی نیک نامی کے لیے دن رات کام کرنا ہے۔آئی جی نے مزید کہا کہ وہ موٹروے پولیس میں ترقی ، تنخواہوں، گاڑیوں، نفری کی کمی اور دیگر مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان نے موٹروے پولیس افسران کے بچوں کے لیے تعلیمی وضائف ، میڈیکل سہولتوں میں اضافہ ، خواتین افسران کے لیے دوگُنا میرج الائونس اور دیگر ویلفیئر کے کاموں پر خصوصی توجہ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔آئی جی موٹر وے پولیس عامر ذوالفقار خان نے اجلاسِ عام میں شریک افسران وملازمان کے مسائل کو سُنااور موقع پر ہی مناسب احکامات جاری کیے۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی سنٹرل زون احمد ارسلان ملک اور ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی نے آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خان کو یادگاری شیلڈ پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :