ا لیکشن کے موقع پر ایمانداری اوردیانتداری سے فرائض انجا م دئیے جائیں، سی پی او

اتوار 22 جولائی 2018 22:00

گوجرانوالہ ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل ا لیکشن کے موقع پر غیر جانبدار رہتے ہوئے ایمانداری اوردیانتداری سے فرائض انجا م دئیے جائیں۔ہنگامہ آرائی ، شو رو شر کرنے اور قانون شکنی کی صورت میں بلا امتیاز فوری کارروائی کی جائے۔

پولیس افسران کی کوئی سیاسی پارٹی نہیں۔ نہ کوئی سیاسی و انتخابی گٹھ جوڑ ہے ۔ غیر جانبداری ہی ہمارا افتخار اور سرمایہ ہے۔ہمیں اپنے فرائض بلا خوف وخطر، ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیتے ہوئے اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھنا ہے اور انصاف کا بول بالا کرنا ہے ۔وہ گزشتہ روز اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں جنرل الیکشن کے حوالے سے منعقدہ دربار میں پولیس افسران سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ضلع کے ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سی پی او نے پولیس افسران سے کہا کہ اپنی بہترین صلاحتیوں کو برؤئے کا ر لاتے ہوئے جنرل الیکشن میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن میں داخلہ کے لئے ووٹرز کو مین گیٹ پر سیکیورٹی چیکنگ کے مراحل سے گزرنا ہو گا۔

چیکنگ بذریعہ میٹل ڈی ٹیکٹرہو گی ۔ کسی بھی مشکوک شخص کے ریکارڈ کی چیکنگ موقع پر موجود بائیو میٹرک ڈیوائس سے کی جائے گی۔ڈولفن فورس ، الیٹ فورس ، کوئیک ریسپانس فورس بھی حساس علاقوں میں گشت کریں گی۔ حساس پولنگ اسٹیشن اور ٹربل سپاٹ پر سیکیورٹی جوان موجود ہو گا اور اس پر تعینات ہر پولیس افسر کے پاس فوری رابطہ کے لئے واکی ٹاکی یا وائرلیس سیٹ موجود ہو گا۔

پولیس نفری کو مکمل لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ ہر جوان کو ڈیوٹی پوائنٹ پر کھانا دیا جائے گا ۔ ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش، آتش بازی اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہو گی ۔ پرائیویٹ گاڑیوں پرنیلی لائٹ ممنوع قرار دی گئی ہے ۔ سی پی او نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران ہر کسی سے نہایت شائستگی سے بات کی جائے ۔ وقت سے پہلے ڈیوٹی پوائنٹ پر آمد کی جائے اور آخری ووٹ کی گنتی اور انتخابی میٹریل کی جوڈیشنل کمپلیکس واپسی تک پولیس افسران ، انتخابی عملے کے ہمراہ ہوں گے۔سی پی او نے سوال و جواب کے سیشن میں الیکشن کے حوالے سے ڈیوٹی کی بہترین انجام دہی کے سلسلہ میں بہترین تجویز دینے پر ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کوپانچ ہزا رروپے انعام بھی دیا ۔