گوجرانوالہ ،قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی چودہ نشستوں کیلئے 1816پولنگ ا سٹیشن قائم کئے گئے ہیں

اتوار 22 جولائی 2018 22:00

گوجرانوالہ ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) عام انتخابات کے پر امن انعقاد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضلعی پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی چودہ نشستوں کے لئے 1816پولنگ ا سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ بارہ ہزار کے قریب پولیس افسران اور جوان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ا نجام دیں گے ۔

ڈیوٹی کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے تا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنا رائے حق دہی ا ستعمال کر سکیں ۔پچیس سے زائد پولیس کے ریزرو دستے پولیس لائنز میں ہمہ وقت حاضر رہیں گے او ر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے پولیس افسران ، جوانوں اور معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سی پی او نے کہا کہ پولیس غیر جا نبدار رہتے ہوئے الیکشن کے انعقاد کے لئے پر امن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ۔شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور شوروشر کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسلحہ کی نمائش پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتخاب جیتنے کی خوشی میں ریلیوں ، جلسوں اور آتش بازی کی اجازت نہیں ہو گی ۔

ہوائی فائرنگ کے انسداد کے لئے سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ کسی بھی قانون شکنی کی صورت میں اینٹی رائٹ ریزرو ہائے فورس کسی بھی وقوعہ سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہے گی ۔پولیس افسران ہمہ وقت پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ انتخابی عملے سے بھی رابطے میں رہیں گے تا کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کا فوری انسداد کیا جا سکے ۔ دوران انتخابات ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں ۔

سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی روانگی سے قبل تمام فورس کو بریفنگ دی جائے گی ۔ تمام پولیس جوان ڈیوٹی کے دوران سیکیورٹی کارڈ آویزاں کریں گے۔ شائستگی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے شہریوں کو ڈیل کیا جائے گا۔کسی بھی ہنگامہ آرائی سے بچاؤ کے لئے پولنگ اسٹیشن کے قریب ہجوم نہیں ہونے دیا جائے گا۔سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال سے باخبر رہنے اور ایمرجنسی صورت میں رابطے کے لئے سی پی او آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ جو ایس پی ہیڈ کوارٹرز کی زیر نگرانی کام کرے گا اور ڈی ایس پی لیگل سید محمود الحسن اس کنٹرول روم کے معاون ہوں گے۔ ایمر جنسی کی صورت میں 055-9200638-39پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔