پاک افغان ورکنگ گروپ کا اجلاس،ایکشن پلان پرعمل کرنے پراتفاق

اتوار 22 جولائی 2018 22:00

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے تحت 5 ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے پاکستان افغانستان ایکشن پلان ورکنگ گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان ایکشن پلان ورکنگ گروپ کا اجلاس افغانستان کے شہر کابل میں ہو ا جس میں سیکرٹری خارجہ نے 28 رکنی پاکستانی وفد کی قیادت کی،وفد میں وزارت خارجہ و داخلہ، کامرس، ایف بی آر ،ریلوے، مواصلات،سیفران، انٹیلی جنس اور فوجی حکام شامل تھے،انہوں نے کہا کہ افغان ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے افغان وفد کی قیادت کی، ایکشن پلان دونوں ممالک کواداروں کی سطح پربات چیت کیلئے فورم مہیاکرتاہے،اجلاس میں دونوں وفود نے دہشت گردی کے خاتمے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ علاقائی امن و سلامتی اور افغان مہاجرین کی واپسی پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، پانچوں ورکنگ گروپس میں رابطہ کاری بہتربنانے اور ایکشن پلان پرعمل کرنے پراتفاق کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔