Live Updates

ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ،ہماری حکومت میں ملک و قوم نے ہمیشہ ترقی کی ، عمران خان کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، انشااللہ 25 جولائی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب اور مرکز میں بھی ہماری حکومت بنے گی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ، انشااللہ 25 جولائی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب اور مرکز میں بھی ہماری حکومت بنے گی ۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دور حکومت میں جیلوں کے اندر بہترین بنیادی سہولیات فراہم کیں، نئی جیلیں بھی بنوائیں اور دہشت گردی کو مد نظر رکھتے ہوئے جیلوں کے اندر کیمرے اور دیگر اہم اقدامات بھی کیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا عابد باکسر سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ میں اپنی زندگی میں اس سے کبھی ملا ہی نہیں ہوں، عوامی خدمت سے انکاری پر اور آئی جی پنجاب کے بتانے پر میں نے اسے معطل کیا جو میری حکومت کے خاتمے تک معطل ہی رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عابد باکسر کے بیانات ٹی وی پر چلانے کی بجائے اسے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی ہماری حکومت آئی ملک و قوم نے ترقی کی ہے جبکہ عمران خان کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے جس نے وہاں اپنی حکومت کے آخری سال جنگلہ بس شروع تو کروا دی لیکن اسے مکمل نہ کر سکے جو آج بھی وہاں موجود لوگوں کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے کیونکہ وہاں جگہ جگہ گھڑے عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ کر رہے ہیں، ہم نے لاہور میں 27 کلومیٹر کی میٹرو بس کا منصوبہ 30 ارب کی لاگت سے مکمل کیا لیکن عمران خان پشاور میں 26 کلومیٹر کی میٹرو بس 68 ارب میں بنوا رہے ہیں جو لاہور کے میٹرو منصوبے سے تقریبا 40 ارب زیادہ ہے اور اس منصوبے کا ٹھیکہ بھی اس کمپنی کو دیا ہے جو بلیک لسٹ میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کا بھی دعوٰی تو کرتے تھے لیکن کیا کچھ بھی نہیں۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الزام لگایا کہ ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نشانے پر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اور ہم پرعزم ہیں انشااللہ 25 جولائی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب اور مرکز میں بھی ہماری حکومت بنے گی کیونکہ عوام پری پول رگنگ کو مسترد کر دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات