پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے اور ہمیں عوامی رسپانس بھی بہت اچھا مل رہا ہے، امید ہے انتخابات میں بھی بہتر نتائج دیں گے اور بی بی شہید کے وعدے کی تکمیل کریں گے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے اور ہمیں عوامی رسپانس بھی بہت اچھا مل رہا ہے، امید ہے انتخابات میں بھی بہتر نتائج دیں گے اور بی بی شہید کے وعدے کی تکمیل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی مسائل حل کیے اور مجھے یقین ہے کہ لوگ آج بھی شہید زوالفقار علی بھٹو کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں اور مزدوروں کو ان کے حقوق دیں گے جبکہ غریب خواتین کو بلاسود قرضے بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ میں کئی یونیورسٹیاں اور نئے ہسپتال بنائے ہیں، لیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاج ایک سازش کے تحت کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف کٹھ پتلی جماعتوں کا اتحاد ہمیشہ ناکام ثابت ہوا اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صرف سندھ کی جماعت ہونے کے خیال کو مسترد کرتا ہوں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے اور جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں اور میری حالیہ انتخابی مہم کے دوران ملک بھر سے ملنے والا عوامی رسپانس بھی اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد صوبائی حکومت تھی جس نے اپنے صوبے میں بھوک مٹائو پروگرام شروع کیا جبکہ وفاق میں جاری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی پاکستان پیپلزپارٹی ہی نے شروع کیا تھا جس سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی تعمیرو ترقی پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں تین حلقوں سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور انشااللہ تینوں میں کامیابی حاصل کروں گا۔