صوبہ بھر میں پر امن ‘ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے بھر پور انتظامی معاونت فراہم کررہے ہیں ،چیف سیکرٹری پنجاب

اتوار 22 جولائی 2018 22:40

فیصل آباد ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں پر امن ‘ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے بھر پور انتظامی معاونت فراہم کررہے ہیں اس ضمن میںتمام تر ضروری وسائل کو متحرک کیاگیا ہے ۔انہوںنے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ‘ جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں الیکشن انتظامات ‘ سیکورٹی پلان ‘ امن و امان صورتحال ودیگرانتظامی امور کاجائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران ڈویژنل کمشنر آصف اقبال ‘ آر پی او غلام محمود ڈوگر ‘ ڈپٹی کمشنرز ‘ سی پی او اور ڈی پی اوز نے الیکشن انتظامات اور سیکورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد اور عام انتخابات کے حوالے سے انتظامی معاونت کی فراہمی کے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے کے موقع پر تمام تر حفاظتی و انتظامی امور کو غیر معمولی طور پر فعال رکھا جائے ۔ انہوں نے سیکورٹی خطرات کومدنظر رکھنے ‘ حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی حفاظتی انتظامات ‘ امیدواروں کی سیکورٹی اور حفاظتی و انتظامی اقدامات کی کامیابی کے لئے محکمانہ کوارڈیننس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بارش کی صورت میں الیکشن میٹریل کی حفاظت‘ پولنگ اسٹیشنز کو محفوظ رکھنے اور بلاتعطل پولنگ کے لئے جامع و ٹھوس اقدامات پر عمل کیا جائے ۔

انہوں نے الیکشن کنٹرول رومز کو فعال اورمانیٹرنگ کے عمل کی مستعدی برقرار رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی سے جان بوجھ کر غیر حاضر رہنے‘ الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ‘ جانبداری ‘ ملی بھگت یا کسی سازش میں ملوث ہونے والے سرکاری ملازم کے خلاف عبرتناک محکمانہ کارروائی کی جائے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ الیکشن میںانتظامی معاونت کی فراہمی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ شدید بارشوں اور دریائوں کی طغیانی کی صورت حال سے نپٹنے کی تیاریاں بھی مکمل ہونی چاہئے جبکہ انسداد ڈینگی و شجرکاری مہم اور اعلی معیارکی صفائی کے لئے محکمانہ سروسز کو مزید بہتر بنانے ‘ عطائیت ‘ جعلی ادویات ‘ غذائی ملاوٹ اوراشیائے ضروریہ کی ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈائون کے علاوہ ہسپتالوں و تھانوں کی اچانک انسپکشن بھی جاری رکھی جائے ۔

اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع کے کل 6812 پولنگ اسٹیشنز سے 1037 حساس قراردیتے گئے ہیں جن پرسیکورٹی کے لئے اضافی فورس تعینات کی جائے گی ۔ مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھرمیںالیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمختلف امیدواروں کومجموعی طور پر 11 لاکھ 33 ہزار روپے کے جرمانے اورقانون شکنوںکے خلاف 40 مقدمات درج کرائے گئے ہیں جبکہ بڑے سائز کے مجموعی طورپر 41 ہزار 419 بینرز / فلیکسز اتروائی گئی ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کو ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران کی طرف سے ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال ‘ انسداد ڈینگی و شجرکاری مہم پرعملدرآمد اور عوامی ریلیف کے لئے دیگر انتظامی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔