شہید ایس ایچ او کے خاندان کیلئے شہداء فنڈ سے 1 کروڑ 75لاکھ روپے کے فنڈز جاری

اتوار 22 جولائی 2018 22:40

فیصل آباد۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پولیس مقابلہ میں شہید ہونیوالے ایس ایچ او کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے شہداء فنڈ سی1 کروڑ 75لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردئیے گئے ۔سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد اشفاق احمد خاں نے چیک شہید کے بیوہ کو پیش کیا ۔تفصیلات کے مطابق 29اپریل 2017ء کو ایس ایچ او مدینہ ٹائون ندیم انجم لاری اڈا میں پولیس مقابلے کے دوران سلیمان عرف شبیر عرف اعجاز سکنہ رضاآباد مجرم اشتہاری جوکہ قتل ،ڈکیتی ،راہزنی اور دہشتگردی جیسے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا کی فائرنگ کا شکار ہوکر شہید ہوگیا تھا ۔

آئی جی صاحب پنجاب نے خطر ناک اشتہاریوں سے دلیری سے مقابلہ کرنے اور اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے پر ندیم انجم اور انصر شہزاد کو کیٹیگری Aکے شہید ڈکلیئر کیا ۔

(جاری ہے)

شہداء پولیس کے خاندان کے لیے آئی جی آفس لاہور میںشہداء فنڈ کا اجراء کیا گیا ہے جس میں شہید کی فیملی کو ایک کروڑ روپیہ،شہید کی فیملی کے لیے ایک گھر،ساٹھ سال تک ماہانہ تنخواہ ،بچوں کے لیے تعلیمی وظائف ،فیملی کلیم پر ایک عدد جاب ، ساٹھ سال عمر کے بعد ریٹائر منٹ کی فل مراعات اور دیگر مراعات دی جاتی ہیں ۔

اسی سلسلہ میں مہر ندیم انجم سب انسپکٹر شہید کی فیملی کیلیے گھر خریدنے کے سلسلہ میں ایک کروڑ 75لاکھ کا چیک سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خاں نے ندیم انجم شہید کی بیوہ کو پیش کیا ۔ 10.12.1980کو چک نمبر494گ ب ماموں کانجن کے علاقہ میں ولی محمد کے گھر پیدا ہونے والے ندیم انجم نے ابتدائی تعلیم کے بعد ایف ایس سی کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا اور 25جولائی2003کو محکمہ پولیس فیصل آباد میںبطور ASIبھرتی ہوا۔

اپنی ابتدائی ٹریننگ کے بعد مختلف تھانوں میں خدمات سرانجام دیں۔2013میںپہلی بار تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں بطور ایس ایچ او تعینات ہوا اور مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او خدمات سر انجام دیں اس دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد ڈاکو،چوراور منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف محکمانہ کاروائی کی ۔پولیس مقابلوں میں خطرناک اشتہاریوں اور ڈاکوں کو گرفتار کیا ۔

مہر ندیم انجم سب انسپکٹر کو عوام الناس کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اچھی کارکردگی پر افسران کی جانب سے 21تعریفی سرٹیفیکیٹ اور مجموعی طور پر 2لاکھ 22ہزار2سو نقد انعام دیا گیا۔ جو اس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پر سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خاں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ہمیں ان پر فخر ہے جنہوں نے محکمہ کی عزت اور وقار کو بلند رکھا عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ۔