نوازشریف کے جیل میں گردے فیل ہونے کا خدشہ

نوازشریف کے جسم میں پانی کی شدید کمی اور دل کی دھڑکن بھی ناہموار ہے،ڈاکٹرز نے نوازشریف کوفوری اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔میڈیا رپورٹس

اتوار 22 جولائی 2018 22:40

نوازشریف کے جیل میں گردے فیل ہونے کا خدشہ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) : احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے اڈیالہ جیل میں گردے فیل ہونے کا خدشہ ہے، نوازشریف کے جسم میں پانی کی شدید کمی اور دل کی دھڑکن بھی ناہموار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی۔

جس پر اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ان کے میڈیکل چیک اپ کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم کوبلایا۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر کیانی کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا جیل میں مکمل طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنے کے دوران اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے کہ نوازشریف کے خون میں یوریا کی مقدار خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے جس سے ان کی کڈنی فیل ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

میڈیکل ٹیم نے مزید بتایا کہ نوازشریف کے جسم میں پانی کی شدید کمی اور دل کی دھڑکن بھی ناہموار ہے۔ طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ہیلتھ سیکریٹری پنجاب کو ایمرجنسی سے مطلع کردیا ہے جب کہ ڈاکٹرز نے نوازشریف کوفوری اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ دوسری جانب ایک نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔

ڈاکٹر عدنان کو صرف جمعرات کو نوازشریف سے ملنے کی اجازت ہے۔ ڈاکٹر عدنان کی اب تک نوازشریف سے صرف دو بار ملاقات ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 10 سال ، مریم نواز کو 7 اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ مزید برآں صدر ن لیگ شہبازشریف نے ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک ہے پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے جیسے وہ ملک دشمن ہوں۔