بلوچستان کے ساحل ، وسائل اور عوام کے حقوق کا دفاع کے لیے سیاسی فیصلہ سازی کا عمل بلوچستان کے لوگوں کے پاس ہونا ضروری ہے،سعید احمد ہاشمی

پیر 23 جولائی 2018 00:00

کوئٹہ ۔22جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل اور عوام کے حقوق کا دفاع کرنے کے لیے سیاسی فیصلہ سازی کا عمل بلوچستان کے لوگوں کے پاس ہونا ضروری ہے اور یہ صرف اس صورت ہی ممکن تھا جب بلوچستان کی اپنی سیاسی جماعت ہو۔ بلوچستان عوامی پارٹی بلا شبہ وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو بلوچستان کی نمائندہ جماعت ہے، بی اے پی کسی سیاسی جماعت یا افراد کا مینڈیٹ نہیں چھین رہی بلکہ لوگ مختلف جماعتوں سے بے زار اور مایوس ہو کر بلوچستان عوامی پارٹی کو امید کی کرن سمجھ کر بی اے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔

بلوچستان عوامی پارٹی ان تمام جماعتوں کے اس خلاء کو پر کرے گی جو وہ عوام کی خدمت کے لئے نہیں کرسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی بی 29 سے آزاد امیدوار دولت خان بادیزئی مرکزی اہل حدیث کے مفتی احمد رضا قاسمی اور تعویز خان بزدار کی دستبرداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر محمد عامر نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بی اے پی کا مقصد یہی ہے کہ بلوچستان کے لئے جو کام دیگر جماعتیں نہیں کر سکیں وہ ہم کریں ۔ سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام کا ہر فیصلہ ہمیں قبول ہوگا۔بلوچستان عوامی پارٹی منتخب ہونے کے بعد پہلی بار عوام کے لئے وہ کچھ کردکھائیں گے جو اس سے پہلے کی سیاسی قوتوں نے نہیں کیا۔ انہوں نے دستبردار ہونے والے امیدواروں اور حمایت کرنے والی شخصیات اور جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ہم سب کا خواب ہے اور مل جل کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔