پاکستان پیپلز پارٹی نگران صوبائی حکومت کے متعصبانہ رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے، وقار مہدی

پیپلز پارٹی کو گزشتہ ہفتے ضابطہ اخلاق کا بہانہ بنا کر جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، ایم کیو ایم کوکراچی میں میں روڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی

پیر 23 جولائی 2018 00:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نگران صوبائی حکومت کے متعصبانہ رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کو گزشتہ ہفتے ضابطہ اخلاق کا بہانہ بنا کر کراچی میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی مگر ایم کیو ایم کوکراچی میں میں روڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

پی پی پی کے لئے ایک ضابطہ اخلاق جبکہ دوسری جماعتوں کے لیے دوسرا ضابطہ اخلاق سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جولا ئی کو پارٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو نیو ایم اے جناح روڈ فلائی نزد مزار قائداعظم پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے تحریری طور پر لکھ کر کہ ضابط اخلاق کے مطابق سڑک یا مین شاہراہ پر جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، پیپلز پارٹی کو جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کر دیاگیالیکن آج کراچی کی انتظامیہ نے ایم کیو ایم کو لیاقت آباد فلائی اور پر جلسے کا اجازت نامہ جاری کردیا جو کہ صوبائی حکومت کی دوغلی پالیسی کا کھلا ثبوت اور ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کو بہانہ بنا کر پی پی کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں۔انتظامیہ بعض کے ساتھ سگے اور پی پی کے سوتیلے پن کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کے کردار پر شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سوالات جنم لے رہے ہیں اورپی پی پی کو کراچی میں جلسے کی اجازت نہ دیکر صوبائی انتظامیہ کا کردار مشکوک ہوچکاہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر صوبائی حکومت کے غیر منصفانہ اور غیر قانونی اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔