جامعہ کراچی: ایم بی اے ایوننگ پروگرام کا داخلہ ٹیسٹ ، 50 نشستوں کے لئے 529 داخلہ فارم جاری کئے گئے

پیر 23 جولائی 2018 00:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) جامعہ کراچی میں گذشتہ روز ایم بی اے ایوننگ پروگرام (ساڑھے تین سالہ) کا داخلہ ٹیسٹ کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں منعقد ہوا ۔تفصیلات کے مطابق ایم بی اے ایوننگ پروگرام کی 50 نشستوں کے لئے 529 داخلہ فارم جاری کئے گئے جبکہ 375 طلباوطالبات نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔ڈائریکٹر ایڈمیشنزپروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری اور چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹرمحمد عاصم مانیٹرنگ کرتے رہے۔

پروفیسر ڈاکٹرمحمد احمد قادری کے مطابق داخلہ ٹیسٹ کے لئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان کی خصوصی ہدایت پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،کمرہ امتحان کے ارد گرد غیر متعلق افراد کا داخلہ ممنوع تھا۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ انتہائی پرسکون ماحول اور نہایت نظم وضبط کے ساتھ منعقد ہوا۔اس کے علاوہ (واچ اینڈوارڈ ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج 30 جولائی 2018 ء کو جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے۔علاوہ ازیں جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشنزکے اعلامیے کے مطابق ایوننگ پروگرام میں ماسٹرزاور ڈپلومہ پروگرام (2018-19 ء ) میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔ خواہشمند طلبہ 23 تا27 جولائی 2018 ء تک داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔ واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات میں داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :