فخرزمان ،امام الحق کی جوڑی نے وہ کارنامہ کردکھایا جو سعید انور ، عامر سہیل بھی نہ کرپائے

پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا

پیر 23 جولائی 2018 10:31

فخرزمان ،امام الحق کی جوڑی نے وہ کارنامہ کردکھایا جو سعید انور ، عامر ..
بلاوائیو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی فخرزمان اور امام الحق نے پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا منفرداعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے خلاف و ن ڈے سیریز میں پاکستانی اوپنرز چھائے رہے،امام الحق نے 5میچز کی سیریز میں3 سنچریاں سکور کیں جب کہ فخر زمان نے چوتھے ون ڈے میں 210رنز کی ناقابل شکست اننگز سمیت د و سنچریاں سکورکیں یوں سیریز میں پاکستانی اوپنرز نے مجموعی طور پر 5سنچریاں سکور کیں جو پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں ایک سیریز میں اوپنرز کی جانب سے سکور کی گئی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں ،فخر زمان اور اما م الحق نے ایک سیریز میں او پنرزکی جانب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کیا،اب تک دنیا میں کسی بھی ایک ٹیم کے اوپنرز ایک باہمی ون ڈے سیریز میں 5سے زیادہ سنچریاں سکور نہیں کرسکے ہیں البتہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ چوتھا موقع تھا جب کسی باہمی سیریز میں ایک ٹیم کے اوپنرز کی جانب سے سیریز میں5سنچریاں سکور کی گئیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست دےکر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کےلئے 365 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 233 رنز ہی بنا سکی اور یوں قومی ٹیم نے 131رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوین اوپنرز نے ٹیم کو 14 اوورز میں 66 رنز کا آغاز فراہم کیا، کپتان ہیملٹن مساکیڈزا نے 34 رنز بنائے جنہیں حسن علی نے بولڈ کر دیا، اگلے ہی اوور میں کامونوکاموے نے 34 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، پرنس مسوارے نے 39 اور ریان مرے 47 پر آﺅٹ ہوئے جبکہ پیٹر مور 44 اور ایلٹن چگمبرا 25 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔

حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، بابر اعظم مین آف دی میچ جبکہ فخر زمان مین آف دی سیریز قرار پائے۔اس سے قبل گرین شرٹس نے زمبابوے کےخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 168 رنز کی شراکت قائم کی۔اوپنر فخر زمان نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آﺅٹ ہوگئے، امام الحق نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کرتے ہوئے 110 رنز کی اننگز کھیلی۔

اوپنرز کے آﺅٹ ہونے کے بعد ون ڈاﺅن آنےوالے بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 106 رنز بناتے ہوئے سنچری مکمل کی جس کے باعث پاکستان نے مقررہ اوورز میں 364 رنز بنائے۔