سنجے کی زندگی پرایک اور فلم بنانے کا اعلان رام گوپال ورما کو مہنگا پڑگیا

اداکارسنجے دت کی زندگی پرایک اور فلم بنانے کے اعلان پر سنجو کی بہن نمرتا دت بھڑک اٴْٹھیں کیا یہ ضروری ہے سنجے کی تلخ زندگی کو فلم کے ذریعے بار بار دکھا کر انہیں تکلیف دی جائے، نمرتا دت

پیر 23 جولائی 2018 12:14

سنجے کی زندگی پرایک اور فلم بنانے کا اعلان رام گوپال ورما کو مہنگا پڑگیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) معروف ہدایتکار رام گوپال ورما کی جانب سے اداکار سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کے اعلان پر سنجو کی بہن نمرتا دت بھڑک اٴْٹھیں۔ چند روز قبل ریلیز ہونے والی فلم’’سنجو‘‘کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے بالی ووڈ کے ایک اور ہدایتکار رام گوپال ورما نے بھی سنجے دت کی زندگی پر فلم ’’سنجودی ریئل اسٹوری‘‘ بنانے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی راجکمار ہیرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہدایت کار نے سنجے دت کی زندگی کے بہت سے پہلوؤں خصوصاً اے کے 56 رائفل اور ممبئی حملوں کے واقعات کو فلم میں بہتر طریقے سے اجاگر نہیں کیا لہٰذا اب وہ سنجے دت کی زندگی پر فلم بنائیں گیاور پورا سچ بتائیں گے تاہم رام گوپال ورما کے اس اعلان کے بعد سنجے دت کی بہن نمرتا دت نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی بہن نمرتا دت نے رام گوپال ورما پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہدایت کار کو سنجے کی زندگی پر پھر سے فلم بنانے کی اجازت لینے کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوئی وہ اگر صرف سنجے سے ہی اجازت لے لیتے تو پھر ہم میں سے کوئی بھی ہدایت کار کو منع کرنے کا جواز نہیں رکھ سکتا تھا۔

نمرتا دت نے مزید کہا کہ کیا یہ ضروری ہے کہ سنجے کی تلخیوں سے بھری زندگی کو فلم کے ذریعے بار بار دکھا کر انہیں تکلیف دی جائے کیوں کہ زندگی کے جس مراحل سے سنجو گزرا ہے ہم بھی اسی مراحل سے گزرے ہیں اور جب سنجے نشے کی لت میں مبتلا ہوا تھا تب ہمیں کم از کم یہ پتہ تھا کہ اسے بحالی مرکز بھیجا جا سکتا ہے لیکن جیل جانے والے وقعے پر ہمارا کوئی اختیار نہیں تھا وہ وقت ہم سب کے لئے انتہائی درد ناک تھا اور اٴْس کے درد کو ہم صرف بے بسی سے دیکھتے رہے لہذا اب ہم سنجے کی زندگی پر کوئی بھی فلم بنتے دیکھنا نہیں چاہتے۔واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت میں بننیوالی فلم’’سنجو‘‘ریلیز سے اب تک بھارت میں 320 کروڑ سے زائد اورمجموعی طور پر دنیا بھر میں 500 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔