Live Updates

خودکش حملے میں شہید اکرام گنڈاپور کی نماز جنازہ ادا،

رہائشگاہ میں ہی سپرد خاک نماز جنازہ میں کارکنان سمیت علاقہ مکین اور گنڈاپور برادری کے افراد نے بڑی تعداد کی شرکت، واقعے کا مقدمہ درج

پیر 23 جولائی 2018 12:48

خودکش حملے میں شہید اکرام گنڈاپور کی نماز جنازہ ادا،
ڈی آئی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے میں شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جب کہ واقعے کا مقدمہ نامعلو م افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کارکنان سمیت علاقہ مکین اور گنڈاپور برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اکرام اللہ گنڈاپور کی تدفین ان کی رہائشگاہ میں ہی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ کلاچی خودکش حملے کا مقدمہ اکرام اللہ گنڈاپور کے صاحبزادے آریز خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ خودکش حملے میں شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 ڈی آئی خان سے الیکشن لڑ رہے تھے۔اور پانچ سال قبل ان کے بھائی اسراراللہ گنڈا پور بھی دہشت گردی کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات