احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

پیر 23 جولائی 2018 13:47

احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کردیاہے، مذکورہ نوٹس میں ڈی جی، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ منیجر نامزد ہیں، سی اے اے نے چین میں پھنس جانے والی شاہین ایئر لائن کی فلائٹ کو آنے کی اجازت دے دی ۔تفصیلات کے مطابق شاہین ایئر کے فلائٹ آپریشنز کو روکنے اور عدالتی احکامات کو رد کرنے پر سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران کو نوٹس جاری کردیا، جس میں ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ کے منیجر کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس ضمن میںشاہین ایئر لائنزکے ترجمان نے بتایاکہ سول ایوی ایشن معزز عدالت کے جاری احکامات کے باوجود شاہین ایئر پر الزامات لگانے سے باز نہیں آئی، سول ایوی ایشن نی13جولائی کو بذریعہ خط شاہین ایئر کو تمام انٹرنیشنل آپریشنز بند کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں جسے سندھ ہائی کورٹ نے معطل کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ سندھ ہائی کورٹ نے اس خط کو بھی معطل کر دیا جس میں لاہور کے ایئرپورٹ منیجر نے شاہین ایئر کو لاہور شہر سے فلائٹ آپریٹ کرنے سے باز رہنے کا کہا تھا، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے نہ صرف ایئرلائن کو بلکہ قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان شاہین ائیر کے مطابق سی اے اے کے اس اقدام سے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے خلاف مزید کسی قسم کے کارروائی کرنے سے روک دیا ہے۔ترجمان شاہین ایئر نے واضح کیا کہ شاہین ایئر لائنز کا بیرونِ ملک فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا ہے اور جلد تمام پروازیں شیڈول کے مطابق آپریٹ ہوں گی، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت اور شاہین ایئر کے آپریشن جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن ادارے کو فیکس کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں72گھنٹے گزرنے کے باوجود سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی چین سے لاہور پرواز کو اڑنے کی اجازت نہیں دی تھی، پاکستانی مسافر تا حال چین کے ہوٹل میں محصور ہیں اور ان کے ویزا کی میعاد ختم ہورہی ہے جن سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان شاہین ائیر نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اس مسئلے پر کسی قسم موقف اختیار کرنے سے قاصر ہے، ہفتے کے روز سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ائیر کی بیرون ملک پروازوں کو روکنے اور عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا،۔

ترجمان سی اے اے نے بتایا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے چین میں پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کے لیے شاہین ائیر کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی، یہ اجازت انسانی بنیادوں پر دی گئی ہے۔