خیرپور: پی پی، فنکشنل لیگ میں ہوئے جھگڑے کا مقدمہ درج

تھانہ پیر جو گوٹھ میں پی پی کارکن محمد یاسین کی مدعیت میں 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس ذرائع

پیر 23 جولائی 2018 13:51

خیرپور: پی پی، فنکشنل لیگ میں ہوئے جھگڑے کا مقدمہ درج
خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) خیرپور میں پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ فنکشنل کے درمیان گزشتہ روز ہوئے جھگڑے کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے مقدمے میں پیرپگارا کے بیٹے سمیت 50افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔تھانہ پیر جو گوٹھ میں پی پی کارکن محمد یاسین کی مدعیت میں 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں پیر صاحب پگارا کے بیٹے اور پی ایس 32 سے جی ڈی اے کے امیدوار راشد شاہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کے مطابق گزشتہ روز پی پی کی انتخابی ریلی پر پیر جو گوٹھ میں مسلح اور ڈنڈا بردار افراد نے حملہ کر کے 5افراد کو زخمی کر دیا تھا۔حملہ آوروں نے تین کروڑ روپے مالیت کی 20 گاڑیاں، ساونڈ سسٹم اور جنریٹر چھین لئے تھے۔واقعے کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے حسین بائی پاس پر دھرنا بھی دیا تھا اور خیرپور شہر میں دکانیں بند کرا دی تھیں تاہم پیرکو شہر میں تمام تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔