الیکشن کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے ماسٹر پلان جاری کردیا گیا

پیر 23 جولائی 2018 13:58

الیکشن کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے ماسٹر پلان جاری کردیا گیا
قصور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور منتظر مہدی نے کہا کہ جنرل الیکشن 2018؁ء کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے ماسٹر پلان جاری کردیا گیا ہے ۔انہوں نے سکیورٹی پلان کی تفصیلات بتلا تے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے 1518پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ ہوگی جن کوتین کیٹگریزمیں تقسیم کیا گیا ہے جن میں173کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاںپر غیر معمولی سیکورٹی کے انتظامات کے علاوہ ہر پولنگ اسٹیشن پر 5 کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے جارہے ہیں۔

ڈی پی او قصور نے مزید کہا کہ کل 1518پولنگ اسٹیشن پرضلعی پولیس کی مکمل نفری،ٹریفک پولیس،پنجاب ہائی وے پٹرول،پنجاب کانسٹیبلری،ٹیلی کمیونیکیشن کے جوان،انویسٹی گیشن برانچ پنجاب کی نفری اور پولیس ٹریننگ سکول کی نفری کل 4000کے قریب پولیس افسران و اہلکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے اسکے علاوہ سول ڈیفنس کے اہلکار،263 پولیس قومی رضا کاران اور6000سپیشل پولیس فورس کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اسکے ساتھ ساتھ رینجرز اور پاک آرمی کے دستے بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے ،ضلع قصور کو 20سیکٹر اور114سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے ہر سب سیکٹر میں ایک اپر سپارڈیننٹ اور 5جوان گاڑی میں گشت کریں گے جبکہ ہر 5پولنگ اسٹیشن میں ایک موٹرسائیکل پر دو جوان گشت کریں گے ،کمیونیکیشن کیلئے ڈی پی او آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے،اس کے علاوہ ایس ایچ اوزایلیٹ کمانڈوز کے ہمراہ اپنے اپنے علاقہ کے پولنگ اسٹیشن کی سپرویژن کریں گے۔

(جاری ہے)

پولیس کے جوان اپنے اپنے پولنگ اسٹیشن پر24جولائی کی شام رپورٹ کریں گے اور بالکل غیر جا نبدار ہو کر اپنی ڈیو ٹی سرانجام دیں گے۔اسکے کے علاوہ الیکشن کے اختتام پر بیلٹ باکس کی حفاظت اور ٹرانسپورٹ کیلئے علیحدہ سپیشل پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے آفس،آر اوز اورالیکشن کمشن کے آفس میں پولیس اور ایلیٹ کمانڈوز کی سپیشل گاردیں تعینات کردی گئی ہیں ، الیکشن کے پرامن انعقاد ، شفافیت کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نطر ضلع بھر کے مختلف اور حساس علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پرسرچ آپریشن کیے جارہے ہیں،ڈی پی اوقصور نے مزید کہا کہ تمام امیدواران پولنگ اسٹیشن سی400گز کے فاصلہ پر اپنے کیمپ لگائیں گے ۔

جوکو ئی امیدوار یا سپورٹر پولنگ اسٹیشن کے قریب ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا اسلحہ کی نمائش کریگا اس کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ اگر آپ اپنے اردگرد پولنگ کے دوران کسی مشکو ک افرادیا شر پسند عناصر کو دیکھیں تو فوری مقامی پولیس یا ریسکیو15پر اطلاع دیں۔