(ن) لیگ کو ووٹ دینا نریندر مودی کو ووٹ دینا ہے، ،فوج آئین پاکستان کے تحت الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کی پابند ہے،پرویزالٰہی

غیور عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ہم بھارتی بیانیہ مسترد کرتے ہیں‘این اے 65 تلہ گنگ میں بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 17:32

(ن) لیگ کو ووٹ دینا نریندر مودی کو ووٹ دینا ہے، ،فوج آئین پاکستان کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے این اے 65 تلہ گنگ (لاوا) میں بہت بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف پاک فوج کے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہیں، اگر یہ کہا جائے کہ مرکزی کردار ہیں تو بے جا نہ ہو گا، دونوں بھائی میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کی علامت پاک فوج ہے، جبکہ ن لیگ پاک فوج کے خلاف بھارتی ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے اس لیے میں کہتا ہوں کہ ن لیگ کو ووٹ دینا نریندر مودی یعنی بھارت کو ووٹ دینا ہے، کوئی محب وطن کبھی یہ گوارا نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج آئین پاکستان کے تحت الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کی پابند ہے، ہمارے غیور عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم بھارتی بیانیہ مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عام آدمی غریب آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے، ملک تبھی ترقی کر سکتا ہے جب اس کی عوام خوشحال ہو، ملک اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، ملک کے مضبوط دفاع کے حوالے سے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عالم اسلام میں پاکستان واحد ملک ہے جس کے پاس ایٹمی پاور ہے، پاکستان مخالف قوتیں یہ نہیں چاہتیں کہ پاکستان عالم اسلام کی حفاظت کیلئے کوئی قدم اٹھائے اسی لیے عراق اور لیبیا کے بعد اسلام دشمن عالمی قوتیں پاکستان کی فوج کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہی ہیں جسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر سابق ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، حافظ عمار یاسر، سید تقی نقی اور ملک یاسر نے بھی خطاب کیا۔