سیاسی جماعتیں پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں‘لاہور چیمبر آف کامرس

پیر 23 جولائی 2018 17:32

سیاسی جماعتیں پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں‘لاہور چیمبر آف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے تمام سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں پُر امن انتخابات کو یقینی بنائیں ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا اس نازک وقت میں جب ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پر امن انتخابات بہت ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی نے پاکستان مخالف قوتوں کو ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے اس لئے پوری دنیا کی نظر پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر ہے۔

(جاری ہے)

انتخابات میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پوری دنیا میں منفی پیغام دے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، انتخابات میں بدامنی ملک دشمن عناصر کو پراپیگنڈہ کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گی ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ تمام صورتحال سیاسی جماعتوں سے دانشمندی کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور عوام کو مل کر بحیثیت قوم بین الاقوامی برادری کی نظر میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔